اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں 30 ستمبر تک توسیع کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں 30 ستمبر تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت حاصل رقوم پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا آج آخری روز ہے تاہم وفاقی کابینہ نے اس میں 30 ستمبر تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایمنسٹی اسیکم میں توسیع کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کیا جائے گا جبکہ اسٹیٹ بینک نے مخصوص بینک برانچز رات 10 بجے تک کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق اب تک 51 ہزار افراد نے ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کیا اور ایف بی آر 65 ارب روپے وصول کرچکا ہے۔
علاوہ ازیں افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت میں بھی مزید تین ماہ کی عبوری توسیع کردی گئی ہے۔
نگران وزیراعظم ناصرالملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت میں تین ماہ کی عبوری توسیع کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں مزید توسیع کا معاملہ آنے والی حکومت پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے فنانشل انسٹی ٹیوشن رولز 2018 کی بھی منظوری دے دی جبکہ ایف آئی اے کو ریکوری آف فنانسز کے تحت درکار تحقیقاتی ادارہ مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کیپیٹل ڈویلمپنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بجٹ برائے سال 19-2018 کی بھی منطوری دی گئی۔
وزیرخزانہ نے وفاقی کابینہ کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حالیہ اجلاس پر بریفنگ بھی دی۔