چمن،پشین : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی اور قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پارٹی کے نامزد امیدواران نے بنیادی عوامی مسائل حل نہ ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ سالوں تک حلقہ انتخاب کا منہ تک نہ دیکھنے والوں سے اب احتساب اور سوال و جواب کا وقت آگیا ہے ۔
عوام سابقہ نمائندوں سے یہ بنیادی سوال بار بار پوچھیں کہ پانچ سالوں سے مرکز اور صوبے سے جو اربوں روپے ان کے حلقوں کے لئے آئے وہ کہاں خرچ ہوئے ، عوامی نیشنل پارٹی کے لئے اقتدار کوئی معنی نہیں رکھتا بلکہ اپنے عوام کا اعتماد ہی ہمارے لئے سب کچھ ہے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ امن وامان کی بحالی ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے لفاظی نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھائیں گے اور اپنے عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے۔
ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و نامزد امیدوار پی بی 23چمن اصغرخان اچکزئی نے گلدار باغیچہ میں منعقدہ شمولیتی اجتماع ،صوبائی جنرل سیکرٹری و نامزد امیدوار برائے این اے 262حاجی نظام الدین کاکڑ نے پشین کلی بوستان میں قبائلی عمائدین سے بات چیت ۔
گلستان کلی عبدالرحمان زئی میں ورکرز اجتماع سے پی بی22کے نامز امیدوار ڈاکٹر صوفی اکبر ،کلی شاگئی پائیزئی قلعہ سیف اللہ میں پی بی 23سے پارٹی کے نامزد امیدوار انجینئر محمد نسیم کاکڑ اور پی بی 20 پشین تھری سے پارٹی کے نامزدامیدوار سید عبدالباری آغا نے کلی کربلامیں گل محمد لالہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
گلدار باغیچہ چمن میں منعقدہ شمولیتی اجتماع کے موقع پر محمد میر عدوزئی ، رمضان کاکڑ ، حاجی اولیاعدوزئی ، محمد صدیق علیزئی ، حاجی اکرم کاکوزئی ، حاجی طور کاکوزئی، حاجی حکیم کاکوزئی ، حاجی حبیب اللہ کاکوزئی ،نصراللہ صالح زئی ، کشمیر اکا حمید زئی ، زعفران کاکوزئی ، محمد شفیع سمیت70افراد نے اپنے خاندانوں سمیت جے یوآئی اور بلوچستان عوامی پارٹی سے مستعفی ہو کر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر منعقدہ اجتماع سے ، عبدالرزاق بابو، داد شاہ پژواک ، رمضان کاکر ، زعفران کاکوزئی ،سید محمد حنیف آغا ، عبدالرب آغا،عطامحمد افغان ، اللہ داد اکا ، حاجی خدائے دوست ، نعمت آغا ، کریم لالا و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے کبھی بھی اقتدار کی خواہش نہیں کی بلکہ روز اول سے پارٹی اکابرین نے پشتونوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے حصول کے لئے آواز اٹھائی اس کی پاداش میں قید وبند مصائب و مشکلات اور جلا وطنی تک برداشت کی ۔
مگر ہم کبھی بھی اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے آج اگر انتخابات ہورہے ہیں اور ملک میں جمہوریت ہے تو اس کے لئے بھی ہمارے اکابرین نے اپنا کردار ادا کیا ہے مگر بدقسمتی سے ایسے لوگوں کی بھی کوئی کمی نہیں جو جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کا نعرہ لگا کر اپنی شخصی بادشاہت کو مضبوط کررہے ہیں عوامی نیشنل پارٹی کا مقابلہ عوام دشمن قوتو ں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو جب بھی موقع ملا ہے اس نے چھوٹی اکائیوں کو بااختیار بنانے ، صوبائی خودمختاری ، عوامی مسائل کے حل، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کے خاتمے کے لئے اپنا فعال کردار ادا کیا ہے ہمارے لئے اقتدار کوئی معنی نہیں رکھتا بلکہ ہمارے لئے وہ اعتماد زیادہ اہمیت رکھتا ہے جو پشتون عوام ہم پر کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات قریب آتے ہی کچھ لوگوں کی مردہ سیاست پھر زندہ ہورہی ہے وہ لوگ جنہوں نے پانچ سالوں میں ایک بار بھی اپنے حلقہ انتخابات کا ٹھیک طرح سے دورہ نہیں کیا وہ میدان میں نکل آئے ہیں گھر گھر جا کر ووٹ مانگ رہے ہیں اب عوام کے پاس موقع ہے کہ وہ ان نمائندوں سے پوچھیں کہ پانچ سالوں تک وہ کہاں تھے اس دوران مرکز اور صوبے سے حلقے کے لئے جوا ربوں روپے آئے وہ کہاں خرچ ہوئے اور انتخابات سے قبل عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ۔
وہ کیوں پورے نہیں ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے ساتھ بہت زیادہ وعدے نہیں کرتے مگر یہ یقین دلاتے ہیں کہ موقع ملا تو ہم صوبے میں امن وامان کی بحالی ، تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے اور عوام کو بے روزگاری اور دیگر مسائل سے نجات دلاکر ان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر سطح پر بھرپور کوشش کریں گے۔
گلستان ، پشین اور قلعہ سیف اللہ میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے قومی و صوبائی حلقوں پر پارٹی کے نامز د امیدواران و دیگر رہنماں نے کہا کہ انتخابات قریب آتے ہی کچھ لوگ میدان میں نکل آئے ہیں اور عوام کو بہکانے کی کوشش کررہے ہیں مگر اب عوام باشعور ہوچکے ہیں اور وہ کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے بلکہ اپنی قومی جماعت اور قوم کے دکھ درد سے آشنا امیدواروں کو کامیابی دلا کر اپنے مسائل کا حل نکالیں گے ۔
انہوں نے اندرون صوبہ مختلف علاقوں میں لوگو ں کی جوق درجوق پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار یتے ہوئے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ پشتونوں کی نمائندہ جماعت عوامی نیشنل پارٹی ہی ہے جس نے ہر مشکل وقت میں اپنے لوگوں کی بات کی ہے اور انشااللہ آئندہ بھی ہم عوام سے بے وفائی نہیں کریں گے۔
عوام کودھوکہ دینے والوں کا احتساب قریب ہے، اصغر اچکزئی
وقتِ اشاعت : July 1 – 2018