واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیرصدیقی نے کہا کہ پاکستان کو امریکا اور بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات سے کوئی مسئلہ نہیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ واشنگٹن سے مل کر افغانستان میں امن کی راہیں تلاش کر رہے ہیں، بھارت بھی امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات کو کسی مخصوص زاویے سے نہیں دیکھے گا، پاک امریکا تعلقات کو کسی خاص نظریے سے نہ دیکھا جائے۔
امریکی ٹی وی بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں امریکا میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ واشنگٹن میں اپنی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد ان کی توجہ کا محور امریکا کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کوفروغ دینا ہے، بھارت کے امریکا کے علاوہ بھی دیگر ممالک سے تعلقات ہیں، پاکستان میں یورپی ممالک سرمایہ کاری کر رہے ہیں، امریکا کو بھی آگے آنا چاہیے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں امن کی راہیں تلاش کر رہے ہیں، امریکا نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کردارکو سراہا ہے، پاک امریکا تجارتی تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے۔