|

وقتِ اشاعت :   July 8 – 2018

کوئٹہ : نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کوئٹہ شہر سمیت صوبہ بھر میں جعلی ادویات اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف تمام ڈپٹی کمشنروں کو فوری طور پر کریک ڈاؤن کرنیکی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی بالخصوص جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں جنہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دارالحکومت کوئٹہ کی خوبصورتی، صفائی، تجاوزات کے خاتمے سمیت غیر معیاری اور جعلی ادویات کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی اپنے ذاتی مفاد کی خاطر شہر میں صحت و صفائی اور خوبصورتی کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ہم اپنی حکومت کی مدت کے دوران شہر کی صورتحال کی بہتری کے لئے اقدامات کرتے رہیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں نگران صوبائی وزراء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ 

صوبائی وزراء عنایت اللہ کاسی، فیض کاکڑ، فرزانہ علی احمد، امام بخش بلوچ، ملک خرم شہزاد،منظور قزلباش شامل تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ طاہر ظفر عباسی کو خصوصی طور پر طلب کرتے ہوئے انہیں شہر کے حوالے سے مختلف ہدایات دی گئیں۔ 

وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء کا موقف تھا کہ کوئٹہ شہر کو صوبائی دارالحکومت کے شایان شان بنانے کے لئے ہر متعلقہ ادارے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ماضی میں اس حوالے سے خاطرخواہ اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شہر کی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ جس حد تک ممکن ہوسکے صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ڈیری فارمز، موٹرگیراج شہر سے باہر منتقل کرنے اور پلاسٹک کے تھیلوں کے تدارک کے لئے فوری طور پر موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لئے ٹریفک سنگنلز کی بحالی ، پارکوں کی بحالی ، تجاوزات کے خاتمے ، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئٹہ کے شہریوں کو جلد مثبت تبدیلی کا احساس ہو اور آنے والی حکومت بھی ان اقدامات کے تسلسل کو برقراررکھے۔