|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2018

 لندن: برطانیہ میں نواز شریف کے گھر ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مشتعل افراد نے مظاہرہ کیا اور دروازے پر لاتیں ماریں جب کہ ن لیگ کے مقامی رہنما کو مارنے پیٹنے کی بھی کوشش کی۔

لندن میں نواز شریف کی ایون فیلڈ رہائشگاہ کے باہر مشتعل نوجوانوں نے ہنگامہ کردیا جس پر برطانوی پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔ واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

نواز شریف لندن میں اپنی ایون فیلڈ رہائشگاہ میں داخل ہو رہے تھے کہ مشتعل نوجوانوں نے ان کے خلاف نعرے بازی شروع کردی اور ان کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو ن لیگ کے مقامی رہنماؤں نے مداخلت کرکے مظاہرین کو روکا جب کہ حسین نواز بھی گھر سے باہر نکل آئے۔

 

مشتعل افراد نے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جب کہ ایک نوجوان نے مسلم لیگ ن کے رہنما اعجاز گل پر ٹرالی اچھال دی جس سے وہ بال بال بچے۔ بعدازاں بڑی تعداد میں مظاہرین نے نواز شریف کے خلاف احتجاج کیا اور ان کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے پاکستان تحریک انصاف کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ چند افراد نے  لاتیں مار کر حسین نواز کے فلیٹ کا عقبی دروازہ بھی توڑنے کی کوشش کی۔

برطانوی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور قریب کھڑی گاڑیوں کی تلاشی بھی لی گئی۔ برطانوی پولیس نے کہا کہ کسی کی نجی ملکیت کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تاہم تاحال واقعے میں ملوث کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

 

پاکستان تحریک انصاف نے واقعے میں اپنے کارکنوں کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔  ترجمان پی ٹی آئی برطانیہ نے کہا کہ کارکنوں کو نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر جانے یا کسی بھی مظاہرے سے منع کیا ہوا ہے، حسین نواز کے گھر پر حملہ کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، عوام نواز شریف کی رہائشگاہ کے باہر مظاہرے کرنے میں وقت ضائع مت کریں، بلکہ انتخابات میں کردار ادا کریں اور ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائیں۔