کوئٹہ : چیئرمین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال نے نیب بلوچستان کا دورہ کیا اور نیب بلوچستان کی کار کردگی کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستا ن کی ترقی کی ضامن ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیب کرپٹ عناصر کو سی پیک سمیت قومی اہمیت کے تمام منصوبوں میں بد عنوانی سے روکنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہیگا کیونکہ سی پیک کا منصوبہ نہ صرف پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے بلکہ خطے کی ترقی کے لئے بھی گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔
انھوں نے کہا ملک کی تعمیر و ترقی بالخصوص بلوچستان کی ترقی کے ملکی معیشت پہ اچھے اور دوررس اثرات مر تب ہونگے ، انھوں نے کہا نیب چہر ہ نہیں بلکہ کیس دیکھتا ہے ۔ پٹ فیڈر کینا ل سے بلوچستان کے زرعی بیلٹ کا معاشی مستقبل وابستہ ہے ۔پٹ فیڈڑ کینال کیس میں کرپشن کرنے والے تمام ذمہ داران کا تعین کر کے ان سے نہ صرف قوم کی لوٹی ہوئی رقم بر آمد کی جائیگی ۔
چیئرمین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ ، کرپشن کے خاتمے کے لئے ہمارا جہاد بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے ساتھ ساتھ اُن سے قوم کی لوٹی گئی تمام رقوم کی واپسی اور قومی خزانے میں جمع کرانے تک جاری رہے گا تاکہ ملک کے زر مبادلہ میں اضافہ ہو اور قومی اہمیت کے منصوبے بر وقت پایہ تکمیل تک پہنچیں ۔
چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے میگا کرپشن مقدمات سمیت تمام مقدمات مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں۔ انھوں نے کہا بلوچستان خزانہ کیس میں قومی احتساب بیورو کی انتھک کاوشوں سے بلوچستان کی عوام سے لوٹے گئے اربوں روپے کرپٹ عناصر سے وصول کر کے بلوچستان حکومت کے حوالے کئے گئے ہیں جو نیب کی کار کردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیب کا الیکشن سے نہ پہلے کوئی تعلق تھا نہ آج کوئی تعلق ہے نیب قانون کے مطابق بلا تفریق بد عنوان عناصر کو گرفتار کر کے اُن سے قوم کی لوٹی گئی رقم بر آمد کرنے کے لئے کوشاں ہے نیب نے اب تک 296 ارب روپے بد عنوان عناصر سے بر آمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔
انھوں نے کہا بلوچستان میں کرپشن کے تدارک ، مفاد عامہ کے منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنانے اور میرٹ پر تکمیل سے معاشی سر گرمیوں میں تیزی کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہو گا۔ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ملکی معشیت پہ اچھے اور دوررس اثرات مر تب کریگی، جس سے بلوچستان بھی خوشحال ہو گا اور ملک بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو “احتساب سب کے لئے” کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور رہے گا۔ نیب قانون کے مطابق بد عنوان عناصر کے خلاف بلا امتیا ز اپنی کاروائیاں جاری رہے گا کیونکہ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور اُسکے مفادات کا تحفظ ہے ۔
چیئرمین نیب نے کرپشن کو تمام برائیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب کرپٹ عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائیوں کے علاوہ معاشرے میں کرپشن کی روک تھام اور خدمت و آگاہی وشعور کے فروغ کے لئے ملک بھر کی تعلیمی درس گاہوں میں نوجوانوں کوبد عنوانی کے ملکی ترقی پر مضر اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہا ہے کیونکہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔
نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں ۔انھوں نے ڈی جی نیب بلوچستان کی نگرانی میں نیب بلوچستان کی کار کردگی کو سراہا اور اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔
انھوں نے کہا کہ نیب کے افسران اور اہلکار شکایت کی جانچ پڑتال انکوائریاں اور انوسٹی گیشن کی مقررہ وقت کے اندر مکمل کر یں تاکہ بد عنوان عناصڑ کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے ساتھ ساتھ اُن سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم بر آمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کروائی جائے تاکہ ملک کے زر مبادلہ میں اضافہ ہو اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
نیب سی پیک سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی روکنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے، جاوید اقبال
وقتِ اشاعت : July 10 – 2018