میڈرڈ: اسپین کی فٹبال ایسوسی ایشن نے بارسلونا اور روما کے سابق مایہ ناز فٹبال کوچ لوئس اینریک کو اسپین کی قومی فٹ بال ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
اسپین فٹبال فیڈریشن نے ورلڈ کپ سے ایک روز قبل ٹیم کوچ جولین لوپ ٹیگوئی کو عہدے سے فارغ کرتے ہوئے فیڈریشن کے اسپورٹنگ ڈائریکٹر فرنینڈو ہیرو کو کوچ کے منصب پر فائز کردیا۔
جولین لوپ نے ریال میڈرڈ کے کوچ کا عہدہ سنبھالنے کا اعلان کیا تھا اور اسپینش فٹبال فیڈریشن نے حکام کو آگاہ کیے بغیر ریال میڈرڈ سے معاہدہ کرنے پر انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
تاہم ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں میزبان روس کے ہاتھوں شکست کے بعد جہاں اسپین کا ورلڈ کپ سے اخراج ہوا وہیں فرنینڈو ہیرو نے بھی کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
بارسلونا کے سابق کوچ لوئس اینریک کو دو سال کے لیے اسپین کے ہیڈ کوچ کی ذمے داری سونپی گئی اور ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے کے بعد ان کے معاہدے میں توسیع یا ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اسپین فٹ بال فیڈریشن نے لوئس اینرک کی بطور مینجر اسپینش فٹ بال ٹیم تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق قومی ٹیم کے کیپر جوز فرانسسکو ان کے اسپورٹنگ ڈائریکٹر ہوں گے۔
لوئس اینریک 2017 میں بارسلونا کے ہیڈ کوچ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد سے فارغ ہیں اور انہیں رواں سال پیرس سینٹ جرمین یا چیلسی کا منیجر بننے کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔
لوئس اینریک نے بحیثت کھلاڑی بارسلونا اور ریال میڈرڈ دونوں کی نمائندگی کی جبکہ وہ 1992 میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی اسپینش ٹیم کا بھی حصہ تھے اور اس کے علاوہ تین عالمی کپ مقابلوں میں اسپین کی ٹیم کے رکن تھے۔
لوئس اینریک کا فٹبال کی لیگ کے کامیاب ترین کوچوں میں وتا ہے اور ان کی زیر قیادت بارسلونا نے 98 ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔