خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی قائد و پی بی 38و39 سے پارٹی کے نامزد امیدوارمیر اسراراللہ زہری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں گوادر اور خضدار کی اہمیت کے باعث سیاسی گروہ اپنے ذاتی مفادات کے لےئے مذکورہ حلقوں پر گٹھ جوڑ کر رہے ہیں۔
جھالاوان میں ایک قوم پرست پارٹی و مذہبی جماعت کے درمیان غیر فطری اتحادکے پیچھے بہت سے راز پوشیدہ ہیں وقت آنے پر یہ راز سب پر آشکار ہوں گے۔ماضی کی طرح ووٹوں کی جمع تفریق کرنے والے شاید بھول رہے ہیں کے 2018 کے انتخابات ماضی کے انتخابات سے بہت مختلف ہیںآج کا نوجوان جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے باشعور ہوچکا ہے۔
عوام کو ذہنی غلامی سے نکل کر اپنے آنے والی نسلوں کی مستقبل کو محفوظ بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن مہم کے سلسلے میں عبداللہ شاہ فیروز آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی رہنماؤں ڈاکٹر حضوربخش زہری،سید سعید شاہ،عبدالحمید مردوئی اور میر سعداللہ گنگو نے بھی خطاب کیا۔میر اسرار اللہ زہری نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے آنے کے بعد ترقی دشمن سیاست دان اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لےئے صف بندی کر رہے ہیں۔
جھالاوان میں ایک قوم پرست پارٹی و مذہبی پارٹی کے درمیان غیر فطری اتحاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ایسے اتحادوں سے عوام کو کچھ نہیں ملنے والا۔عوام کو اپنی آنکھیں کھول کر علاقے کے اجتماعی مفادکا سوچنا ہوگا اگر پچیس جولائی کو عوام نے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ نہیں کیا تو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
انہوں نے فیروز آباد میں کام کرنے والی ایک مائنننگ کمپنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مزکورہ کمپنی چالیس سالوں سے بیرائٹ پر کام کر رہی ہے ۔اس کمپنی کے ثمرات سے فیروز آباد کے عوام آج تک اس لےئے محروم ہیں کہ یہاں کے مختلف نمائندوں اور سیاسی شخصیات کو بھتہ دیا جارہا ہے۔
عوامی نمائندوں کی سودا بازی کی وجہ سے سالانہ اربوں روپے کی لوٹ مار کرنے والی مائننگ کمپنی نے آج تک فیروزآباد میں ایک اسکول اور ہسپتال تک قائم نہیں کیا۔ عوام نے اگر سابقہ نمائندوں کو منتخب کرنے کی غلطی کی تو سی پیک منصوبوں کے ثمرات سے محروم رہیں گے۔
میر اسراراللہ زہری نے کہا کہ نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں جبکہ پانی کے ذخائر ختم ہوچکے ہیں۔عوام کو ووٹ دینے سے پہلے سابقہ نمائندوں سے پوچھنا چاہےئے کہ انہوں نے روزگار وبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لےئے کیا اقدامات کےئے؟
انہوں نے کہا کہ فیروزآباد ضلع کا سب سے پسماندہ ترین علاقہ ہے۔یہاں صحت اور تعلیم کا کوئی معیاری ادارہ موجود نہیں۔فیروزآباد کے عوام کو چاہےئے کہ وہ پچیس جولائی کے انتخابات میں بی این پی عوامی کو ووٹ دیکر آزمائیں۔
انہوں نے کہاکہ بی این پی عوامی کے انتخابی منشور میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بلا تفریق روزگار فراہم کرنا سر فہرست ہے جبکہ صحت،تعلیم اور آبنوشی کے مسائل حل کرنا ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔دریں اثناء سینکڑوں افراد نے بی این پی عوامی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے میر اسرار اللہ زہری کی بھر پورحمایت کا اعلان کیا۔
جھالاوان میں قوم پرست اور مذہبی جماعت کے درمیان اتحاد غیر فطری ہے، اسرار زہری
وقتِ اشاعت : July 13 – 2018