|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2018

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے اثاثوں کا پوچھا جائے تو جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عام اوورسیز پاکستانی بھی شریف خاندان کے خلاف احتجاج کررہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ دورخی پالیسی رکھی ہے، شہباز شریف کی باری ابھی آنی ہے، ہم حکومت میں ہوتے تونہ گرفتاریوں کی بات ہوتی نہ موبائل فون بند کرنے کی ضرورت ہوتی جب کہ نوازشریف گرفتار ہوجائیں یہ کافی نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف سب کو گلے پھاڑ پھاڑ کر کہہ رہے ہیں کہ استقبال کیلیے آئیں، لاہورکی سڑکیں کھلی ہوئی ہیں، جن کے پیسے لوٹے گئے انہیں کہا جارہا ہے کہ ہمارے استقبال کیلیے آئیں جب کہ نوازشریف ایسے آرہے ہیں جیسے کشمیرفتح کرکے آرہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے بنوں میں اکرم درانی پرحملہ کی شدید مذمت کی گئی ہے، اے این پی کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے انتخابی مہم منسوخ کردی، ہمارے دہشت گردی سے مسائل اندرونی نہیں بلکہ بیرونی ہیں، جب کہ انتہا پسندی کے خلاف اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ قائدین ملک کا اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت ضروری ہے، کے پی کے وزیراعلیٰ ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلائیں، انتخابات کا شفاف پرامن اوربروقت انعقاد ضروری ہے، ایپکس کمیٹی کی سفارشات کے مطابق فیصلے کیے جائیں کیوں کہ دشمن انتخابات میں عدم استحکام چاہتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے سامنے جھکیں گے نہیں، عمران خان اپنی انتخابی مہم شیڈول کے مطابق جاری رکھیں گے، آصف زرداری اور نواز شریف کے اثاثوں کا پوچھا جائے تو جمہوریت کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، جب کہ انتخابات اگررک گئے تو دشمن اپنے عزائم میں کامیاب ہو جائے گا۔