|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2018

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ پشاور اور بنوں میں حملوں کے بعد عوام اور سیاستدانوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،بندوق کے زور پرسیاست دانوں کو روکا نہیں جا سکتا۔

سیاسی جماعت کی ریلیوں پر پابندی لگانا یا ان کے کارکنوں کو گرفتار کرنا قابل مذمت ہے۔وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں خطرات موجود ہیں جس کی نشاندہی قانون نافذ کرنے والوں نے کہ ہوئی تھی۔ پشاور اور بنوں میں حملوں کے بعد عوام اور سیاستدانوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

نگران حکومت اور ایجنسیوں کا کام ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کریں۔پاکستان کے اندر مختلف دہشتگرد تنظیموں کے افراد کی موجودگی کی وجہ سے پرامن انتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

نواز شریف کا پاکستان واپس آکر قانون کا سامنا کرنا احسن قدم ہے۔ سیاست بندوق کے زور پر کبھی ختم نہیں ہوتی بلکہ طاقت کے استعمال سے سیاستدان اور مضبوط ہوکر ابھرتے ہیں۔نواز شریف کے مسئلے کو غیر جانبداری کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کی ریلیوں پر پابندی لگانا یا ان کے کارکنوں کو گرفتار کرنا قابل مذمت ہے۔