|

وقتِ اشاعت :   July 16 – 2018

کوہلو : سابق صوبائی وزیر داخلہ اورپی بی نو کوہلو سے آزاد امیدوار گزین مری نے کہا ہے کہ انہیں کوہلو میں ان کے گھر میں نظر بند کردیا گیا اور انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے لیکن میں پرامید ہوں کہ جتنی بھی رکاوٹیں کھڑی کرلی جائیں جیت میری ہوگی کیونکہ عوام میرے ساتھ ہیں کوہلو میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جب سے میں انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اس کی راہ میں ہر دن ایک نئی رکاوٹ کھڑی کردی جاتی ہے پہلے میرے کاغذات مسترد کردئیے گئے تاہم عدلیہ کے ذریعے میں کلیئر ہوا لیکن اسکے بعد مجھے انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

مجھے اور میرے حامیوں کو سبی میں روک لیا گیا اور کوہلو جانے کیلئے بھی مجھے عدلیہ کی مدد لینی پڑی اور اب جب سے میں کوہلو پہنچا ہوں مجھے گھر میں نظر بند کردیا گیا اور انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جو ایک غیر جمہوری عمل ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے لیکن اسکے باوجود حلقے کے عوام میری مہم چلا ر ہے ہیں اور انشاء اللہ 25جولائی کا سورج ہماری فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔