کرخ: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے قائد و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 38و39 سے پارٹی کے نامزد امیدوار میر اسراراللہ زہری نے کہاکہ ووٹروں کی روایتی انداز میں جمع تفریق کرنے والوں کو نوجوانوں کی سیاسی شعور اور طاقت کا اندازہ نہیں۔ٹیکنالوجی کی ترقی کے بدولت حالیہ انتخابات میں نوجوان اہم کردار ادا کریں گے۔
مفاد پرست سیاست دانوں کی قصیدہ گوئی میں مصروف روایتی عناصرکو جھوٹ و فریب کی سیاست سے گریز کرتے ہوئے حقیقی تبدیلی کے لےئے بی این پی عوامی کا ساتھ دینا چاہےئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن مہم کے سلسلے میں تحصیل کرخ میں انتخابی دفتر و دیگر مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر بی این پی عوامی کرخ کے رہنماء منظور احمد اخوند و دیگر نے بھی خطاب کیا۔میر اسرار اللہ بلوچ نے کہا کہ2018کے انتخابات ماضی کے انتخابات سے بالکل مختلف ہیں۔
ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی وسوشل میڈیا کی وجہ سے آج کا نوجوان باشعور ہوچکا ہے ماضی کے برعکس اب انتخابات میں نوجوانوں کے ووٹ اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ روایتی سیاست دان اب بھی روایتی انداز میں ووٹروں کی جمع و تفریق میں مصروف و خوش فہمی میں مبتلاء ہیں وہ نوجوانوں کی سیاسی طاقت اور نوجوانوں میں بیدار ہونے والی سیاسی شعور کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
پچیس جولائی کے انتخابات میں نوجوانوں کے ووٹ اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ روایتی عناصر ماضی کی طرح مفاد پرست روایتی سیاست دانوں کی قصیدہ گوئی میں مصروف ہیں لیکن دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگ ان کی غلامی سے نجات حاصل کرکے تبدیلی کی عمل میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
میر اسرار اللہ بلوچ نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کی صورت میں بی این پی عوامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی،تعلیمی ترقی،صحت کے اداروں کی بہتری اور پانی کی کمی دور کرنے کے لےئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔کرخ کے عوام کو چاہےئے کہ بہتر مستقبل کے لےئے بی این پی عوامی کا ساتھ دیں۔
عوام بی این پی عوامی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں ،اسرار زہری
وقتِ اشاعت : July 18 – 2018