|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2018

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر حلقہ پی بی 17 , این اے 260 کے امیدوار سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کسی کو پری پول دھاندلی کی اجازت نہیں دینگے۔

الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے لئے ہمارے تحفظات دور کرے جھل مگسی اور دیگر علاقوں میں تمام پولنگ اسٹیشن کو حساس قرار دیا جائے جھل مگسی سے سابقہ ادوار میں جیتنے والے امیدوار کو دو دفعہ سپریم کورٹ میں دھاندلی ثابت کراکے نااہل کروایا ہے ۔

الیکشن کمیشن کو معلوم ھونا چاہئے کہ ماضی میں ان علاقوں میں بڑے پیمانے میں دھاندلی ثابت ہوئی ہے لہذا ان علاقوں میں تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دے کر صاف شفاف الیکشن کرائیں جائیں ان علاقوں کے تمام پولنگ اسٹیشن کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کرائی جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ 25 جولائی کا سورج پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا ہمارا عزم ہے کہ ہم بلوچستان کو ترقی یافتہ اور پر امن بنائیں گے ان کا کہنا تھا کہ ہر ڈویژن میں یونیورسٹی اور بہترین کیڈٹ کالج بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ صوبے میں تعلیم اور صحت کے میدان میں انقلابی بنیادوں پر اصلاحات لائیں گے بلوچستان کی عوام کو ستر سالوں سے پسماندہ رکھا گیا انشاء بلوچستان کی عوام کو خوشحال اور بہتر مستقبل دیں گے انہوں نے بلوچستان کی عوام سے اپیل کی کہ وہ 25 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب بنائیں۔