۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   July 31 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں الیکشن کے تنازع پردو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ دونوں گروہوں کے درمیان الیکشن سے پہلے پوسٹر لگانے پر جھگڑا شروع ہوا تھا۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ کے تھانہ خروٹ آبا د کی حدود میں پشتون باغ کے علاقے حاجی نیاز گلی میں پیش آیا جہاں دو مختلف قبیلوں کے گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور بات مسلح تصادم تک پہنچ گئی۔ اس دوران دونوں جانب سے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ 

فائرنگ کے تبادلے میں سات افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریب واقع بولان میڈیکل ہسپتال کے شعبہ حادثات پہنچایا گیا جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔ دوسرا زخمی آپریشن تھیٹر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت بائیس سالہ کلا خان ولد وزیر محمد اورحاجی عبداللہ ولد عبدالکریم کے نام سے ہوئی ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروہوں کا ایک ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک گروہ کے تین اور دوسرے کے دو زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں عطاء اللہ ولد محمدامین، ولی جان ولد محمد اسلم ، عنایت اللہ ولد حاجی نیاز، خوشدل خان ولد حضرت گل اور تواب ولد حاجی محبوب شامل ہیں۔بولان میڈیکل ہسپتال میں دونوں گروہوں کے درمیان تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔

پولیس نے صورتحال پر قابوپاتے ہوئے دونوں گروہوں کو سنبھالا اور ایک گروہ کے تین زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ایس ایچ او خروٹ آباد تنظیم شاہ نے بتایا کہ دونوں گروہوں کے درمیان الیکشن سے چند دن پہلے پارٹی کا پوسٹر لگانے پر جھگڑا ہوا تھا۔

دونوں گروہوں کا تعلق مختلف جماعتوں سے تھا۔ایک گروہ نے پوسٹر لگانے کی کوشش کی دوسرے نے منع کیا تو بات ہاتھا پائی تک پہنچی تاہم اس وقت معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا اور پولیس میں رپورٹ نہیں کی گئی۔ آج دوبارہ دونوں گروہوں کا سامنا ہوا تومسلح تصادم ہوئی۔