|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی دس سے کامیاب جمہوری وطن پارٹی کے رہنما گہرام بگٹی کا کہنا ہے انتخابات میں عوام نے سرفراز بگٹی کو عبرت کا نشان بنادیا ہے۔ ووٹرز سمجھ دار ہوگئے ہیں ، جو کام نہیں کریگا وہ انہیں نکال کر باہر پھینک دیں گے۔

کوئٹہ بگٹی ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اْن کا کہنا تھا کہ ڈیرہ بگٹی میں صحت ، تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت کئی مسائل ہیں گزشتہ حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں کرسکی۔ 

کوشش ہے کہ حلف اٹھانے کے فوری بعد اپنے علاقے کے عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کروں اور ان مسائل کو حل کرنے کریں۔ گہرام بگٹی کا کہنا تھا کہ سابق وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ڈیرہ بگٹی کے لوگوں کے لیے کچھ کام کیا ہوتا تو انہیں انتخابات میں انہیں اتنے ووٹ ملتے جتنے مجھے ملے ہیں۔

ووٹرزسمجھ دار ہوگئے ہیں، جو ڈیلیور نہیں کرے گا وہ انہیں نکال کر باہر پھینک دیں۔ عوام نے سرفراز بگٹی کو عبرت کا نشان بنادیا ہے ، اگر میں نے بھی ان کے لیے کام نہ کیا تو وہ میرے ساتھ بھی وہ ہی کریں گے جو انہوں نے سرفراز بگٹی کے ساتھ کیا ہے۔

گہرام بگٹی کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے قریب بگٹی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آباد ہیں ان کو وآپس لانے کے لیے لائحہ عمل تیار کریں گے تاکہ ان کو ر زگار اور بہتر رہائش فراہم کرسکیں۔ 

اگر بغیر منصوبہ بندی کے ان کو ڈیرہ بگٹی لایا گیا تو علاقے کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔اْن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی میں ٹرن آؤٹ پچاس فیصد سے زیادہ رہا جو بہت خوش آئند ہے خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔