کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ کا کہنا ہے کہ ججز انتہائی اہم منصب پر بیٹھے ہیں اس لئے انہیں ڈکٹیٹر نہیں بننا چاہیے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کہا کہ آنے والے مجسٹریٹس کا تعلق نچلے طبقے سے ہے، یہاں موجود مجسٹریٹس میں کوئی مزدور کا بیٹا ہے تو کوئی کسان کا، بچوں نے بہت محنت کی اور اس مقام تک پہنچے، جس کی مجھے بہت خوشی ہے۔
جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کہا ججز کو عہد کرلینا چاہیئے کہ انہیں بہت محنت کرنی ہے، لوگوں کو انصاف پہنچانے کے لئے رات دن ایک کردینا ہے۔ ججز کو ڈکٹیٹر نہیں بننا چاہیے کیونکہ آپ ایک اہم منصف پر بیٹھے ہیں، جج کے لئے کوئی کیس ہائی پروفائل نہیں ہوتا، ہمارے فیصلوں میں کوتاہی اور تاخیر ہوسکتی ہے لیکن بدنیتی نہیں ہوتی، اس کے علاوہ یہاں جج کا کوئی نکتہ نظر بھی نہیں ہوتا، ججز کو چاہیئے کہ اپنے ضمیر کو آگے رکھیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ خلجی عارف نے کہا کہ عدالتوں کا بنیادی کام لوگوں کے ساتھ انصاف کرنا ہوتا ہے، ہمیں کوشش کرنی چاہیئے کہ انصاف جلد از جلد مل سکے، آنے والے ججز کو چائیے کہ اللہ کو حاضر ناظر رکھ کر لوگوں کو انصاف پہنچائیں۔