|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2018

چارسدہ /کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے صوبے میں بہتر کارکردگی پر پارٹی کی صوبائی قیادت اور تنظیمی اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومت سازی سے متعلق صوبائی قیادت کے تمام فیصلوں کی تائید وتوثیق کردی ہے اور کہا ہے کہ طویل عرصے کے بعد بلوچستان میں پارٹی کی منظم کامیابی نہ صرف پشتون عوام بلکہ صوبے کی تمام اقوام کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے ۔

عوامی نیشنل پارٹی نے پشتونوں اور بلوچوں سمیت تمام چھوٹی اکائیوں اور قومیتوں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور آئندہ بھی اس حوالے سے پارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ گزشتہ روز ولی باغ چارسدہ میں پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی ،مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر عنایت اللہ خان اور نواب ارباب عبدالظاہر کاسی پر مشتمل وفدنے ملاقات کی ۔ 

وفد نے مرکزی صدر کو حالیہ انتخابات ، پارٹی کی شاندار کامیابی اور پارٹی کی تمام صوبائی تنظیموں کی بہترین کارکردگی پر بریفنگ دی اور حکومت سازی کے امور سے متعلق بھی صوبائی قیادت کے کئے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا ۔

مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے شاندار کامیابی پر عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی قیادت ، صوبائی و ضلعی تنظیموں اور تمام کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اطمینان کااظہار کیا اور کہاکہ پارٹی نے ہمیشہ پشتونوں اور بلوچوں سمیت تمام محکوم اقوام ، چھوٹی اکائیوں اور تمام قومیتوں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور جمہوری استحکام و جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اپنا فعال کردار ادا کیا ہے ۔

صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر واضح کامیابی اور کوئٹہ سمیت تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے حلقوں پر پارٹی کے نامزد امیدواروں پر عوام کا بھرپور اعتماد اور انہیں ووٹ دینا ہم سب کے لئے قابل فخر ہے ۔

انہوں نے صوبے میں حکومت سازی سے متعلق صوبائی قیادت کے کئے گئے فیصلوں پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ان کی تائید و توثیق کی اور کہا کہ صوبے کے معروضی سیاسی حالات کے تناظر میں صوبائی قیادت نے جو فیصلے کئے ہیں وہ درست ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس کے آنے والے وقتوں میں انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔