شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 5 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شکاگو میں ایک دن میں فائرنگ کے چار مختلف واقعات نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ چاروں واقعات میں مجموعی طور پر 5 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے 4 مختلف واقعات دو سے ڈھائی گھنٹے کے دوران رونما ہوئے جس میں 40 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ ابتدائی طور پر فائرنگ کے واقعات گینگ وار کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم پولیس دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش کر رہی ہے۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ صبح 11 بجے پیش آیا جس میں 40 سالہ شخص ہلاک ہوگیا جس کے دو گھنٹے بعد 2 مزید افراد فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارے گئے بعد ازاں ان افراد کے مبینہ قاتلوں کو بھی گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ دوطرفہ فائرنگ کی زد میں آکر عام شہری بھی زخمی ہوئے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات میں جرائم پیشہ افراد ملوث ہیں جنہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شکاگو پولیس جرائم کی روک تھام اور مکمل خاتمے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔