صنعا: سعودی اتحادی فوج کی یمن میں فضائی بمباری کے نتیجے میں 29 بچوں سمیت 43 افراد جاں بحق ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے شہر صعدہ میں بمباری کی۔ اس کارروائی کے دوران بچوں سے بھری ایک اسکول وین بھی نشانہ بنی جس میں سوار 29 بچے جاں بحق ہوگئے۔ فضائی بمباری کے نتیجے میں 14 دیگر افراد بھی جان سے گئے جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بیان میں کہا ہے کہ طیاروں نے جازان کی طرف داغے گئے حوثی باغیوں کے میزائل حملے کے جواب میں ٹارگٹڈ کارروائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جوابی اقدام میں حوثی باغیوں کے اس مقام کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے میزائل داغا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خطے و عالمی سیکیورٹی کے لیے کسی بھی طرح کے اقدامات اٹھانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔