|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2018

کوئٹہ : وفا قی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے کمرشل بنکنگ سرکل کوئٹہ کا حوالہ (ہنڈی) اور غیر ملکی کرنسی ڈیلروں کے خلاف کریک ڈاون، اہم کا روباری مراکز پر چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر کے 3ملزما ن کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطا بق گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر احمد میمن کے حکم اور ڈائریکٹرایف آئی اے بلوچستان الطاف حسین خصوصی ہدایت پر ایف آئی اے بنکنگ سرکل کوئٹہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواجہ محمد قیصر،ایس ایچ او محمد عارف بلوچ کی سربراہی میں کوئٹہ شہر کے اہم کا روباری مرکز بخاری سنٹر میں کریک ڈاون کرکے غیر قانونی طور پر قائم غیر ملکی کرنسی اور حوالہ ہنڈی ڈیلروں سے بھاری تعداد میں ملکی اور غیر ملکی کرنسی جن میں امریکن ڈالر ،یورو،سعودی ریال ،افغانی کرنسی و دیگر غیر ملکی کرنسی شا مل ہیں برآمد کرکے تین ملزمان عبدالرازق نقیب اللہ اورکلیم اللہ کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے گرفتار ملزما ن سے تفتیش جا ری ہے۔