|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2018

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف  عمران خان  نے کراچی سے پارٹی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل کو گورنرسندھ بنانے کی منظوری دے دی۔

پی ٹی آئی نے عمران اسماعیل کوصوبہ سندھ کا گورنر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دے دی ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اعتماد کرنے پرعمران خان اور پارٹی کا شکر گزار ہوں، کوشش ہوگی سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلوں، حریف جماعتوں سے کہتا ہوں آپ ایک قدم آگے بڑھائیں ہم دس قدم بڑھائیں گے جب کہ اسپیکر، وزیراعلیٰ سمیت سندھ اسمبلی کے تمام عہدوں کے چناؤ پر مقابلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عمران اسماعیل ڈیفنس کی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم اب گورنر سندھ بننے کی صورت میں انہیں یہ نشست چھوڑنی پڑے گی۔

عمران اسماعیل 1966میں کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کنٹونمنٹ پبلک اسکول سے حاصل کی ، جس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ نیشنل کالج سے گریجویشن کیا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف اس سے قبل گورنر پنجاب کے لیے چوہدری سرور کے نام کی بھی منظوری دے چکی ہے۔