گوادر : جشن آزادی کی مناسبت سے ایم پی اے میر حمل کلمتی کی جانب سے بابائے بزنجو اسٹیڈیم میں پروقار تقریب کا انعقاد۔ مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹ کے اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انسداد منشیات کے چیرمین سینیٹر کہدہ بابر بلوچ تھے۔
تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت اسکولوں کے طلبا و طالبات، اساتذہ، عمائدین شہر و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی و مختلف اسکولوں کے طلبا و طالبات نے تقاریر، ٹیبلوز و ملی نغمے پیش کئے۔
ملک بھر کی طرح گوادر میں بھی جشن آزادی قومی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ جشن آزادی کی مناسبت سے ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی کی جانب سے مرکزی تقریب بابائے بزنجو اسٹیڈیم میں منعقدہوئی۔
تقریب میں 440 بریگیڈ کمانڈر بریگیڈئیر محمد راجیل ارشاد، ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن (ر) محمد وسیم، نوجوان شخصیت میر ارشد کلمتی، چیرمین ضلع کونسل بابو گلاب، چیرمین میونسپل کمیٹی عابد رحیم سہرابی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالوہاب مجید سمیت مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے سربراہوں، طلبا و طالبات، اساتذہ، عمائدین شہر سمیت خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سینیٹر کہدہ بابر بلوچ ، بریگیڈئیر محمد راجیل ارشاد، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم و میر ارشد کلمتی نے قومی پرچم کشائی کرکے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اس موقع پر مسلح افواج، پولیس و لیویز کے چاق و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلبا و طالبات نے تقاریر ، ٹیبلوز و ملی نغمے پیش کئے۔
بام پبلک اسکول کے طلبا و طالبات کی بہترین ٹیبلو پر سینیٹر کہدہ بابر بلوچ نے اسٹیج پر آکر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
تقریب میں پہلی بار معذور طلبا و طالبات نے بھی حصہ لیا۔ مرکزی تقریب سے سینیٹر کہدہ بابر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے ۔ مملکت خدا داد پاکستان کی آزادی کیلئے ہزاروں لوگوں نے قربانیاں دیکر اسے حاصل کیا ہے۔ اس کا احترام ہماری بقاء و شناخت کا ضامن ہے۔ بہادر اقوام اپنی آزادی پر آنچ آنے نہیں دیتی۔
ہمیں اپنی وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور عہد کرنا ہوگا کہ ملکی سلامتی کے لئے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔
تقریب کے آخر میں طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ جبکہ مسلح افواج کی جانب سے مختلف جنگی ساز و سامان کے اسٹالز بھی نمائش کے لئے رکھے گئے تھے۔اس موقع پر سینیٹر کہدہ بابر بلوچ و ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے پودے لگا کر گو گوادر گرین مہم کا آغاز بھی کیا۔