|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2018

اسلام آباد+کوئٹہ :  سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مکانات و تعمیرات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے کہاہے کہ کئی منصوبہ جات جو چند ارب کے تھے وقت پر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کئی گنا مہنگے ہو چکے ہیں جبکہ جو منصوبہ عوامی مفاد اورفلاح وبہبود کے ہیں ۔

ان کیلئے فنڈز نہیں دئیے جاتے تودوسری جانب جہاں ذاتی مفاد ہوں ان کے فنڈز روکے نہیں جاتے اس روش کوہر صورت ختم کرناہوگا آج بات بھی واضح ہو گئی ہے بلوچستان اور فاٹا کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے ۔

انہوں نے وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ بلوچستان اور فاٹا پر زیادہ توجہ دیکر ان علاقوں کی پسماندگی کو دور کیاجائیان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

چیئرمین کے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ 2008 میں کچلاک کے علاقے میں 86ایکڑ زمین پر ایک منصوبہ شروع کیاگیا تھا ڈائریکٹر پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن محمد ایوب پراچہ نے بتایا کہ انہوں نے کچلاک منصوبے کا خود دورہ کیا ہیپی ڈبلیو ڈی نے حد بندی کر دی تھی اور باونڈری وال بنا کر گیٹ بھی لگایا گیا۔

اشتہار دے کر لوگوں کی دلچسپی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر صرف 46 لوگوں نے دلچسپی دکھائی تھی اب حالات بدل چکے ہیں کوئٹہ ایئر پورٹ اور سی پیک منصوبے کی وجہ سے لوگوں میں دلچسپی بڑھ رہی ہے ڈی ایچ اے بھی وہاں نئی سکیم شروع کر رہا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی مدد سے بارڈ لگانی شروع کر دی گئی ہے قریب ہی ایک بڑا ڈیم ہے ۔ 

ایر ی گیشن ڈیپارٹمنٹ سے این او سی مل چکی ہے اور ایک فرم سے فیز بلٹی سٹڈی کرائی جا رہی ہے جس پر کمیٹی نے کچلاک منصوبے کو فوری شروع کرنے اور آئندہ اجلاس میں کنسلٹنٹ سے بریفنگ حاصل کرنے اور کچلاک منصوبے کا دورہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ۔

اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی گوادر مغربی زون کوئٹہ سے انتظامی و مالی اختیارات جنوبی زون کراچی کو منتقل کرنے کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا کمیٹی نے ہدایت کی کہ مغربی زون کوئٹہ کے انتظامی ومالی اختیارات بحال کیے جائیں ۔

اجلاس میں سینیٹرز نجمہ حمید ، سردار محمد یعقوب خان ناصر ، مولانا عبدالغفور حیدری ، انور لعل دین ، بریگیڈیئر (ر) جان کنتھ ویلمز، سجاد حسین طوری ، نصیب اللہ بازئی سردار محمد شفیق ترین سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس عمران زیب خان ، ڈی جی پاک پی ڈبلیو ڈی شاہد فرزند ، سی ای او پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن محمد سلیم، ڈائریکٹر پاکستان ہاوسنگ فاونڈیشن محمد ایوب پراچہ ، چیف انجینئر پاک پی ڈبلیو ڈی نذیر احمد و دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں میں پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کے کام کے طریقہ کار ، کارکردگی ، منسٹر انکلیو اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بنگلہ الاٹ نہ کرنے کا معاملہ ، پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے مکمل و جاری اور زیر التو منصوبہ جات ، نئے سیکرٹریٹ کوہسار بلاک کی تعمیر مختلف دفاتر کو الاٹمنٹ کے معاملات پاک پی ڈبلیو ڈی گوادر مغربی زون کوئٹہ سے انتظامی و مالی اختیارات جنوبی زون کراچی کو منتقل کرنے کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔