|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2018

خضدار:  یونیورسٹی آف بلوچستا ن کی جانب سے خضدارمیں ’’فاصلاتی تعلیم‘‘کے آغاز کے بعد ضلع بھر کے طلباء و طالبات کی جانب سے اس تعلیمی پیکج سے استفادہ حاصل کرنے میں بے حد دلچسپی ، ’’فاصلاتی تعلیم‘‘پروگرام کے تحت خضدار میں بی بی ایس ، ایم اے انگلش ، ایم اے اردو، ایم ایس سی ، میتھ میٹکس، اور ایم اے اکنامکس و ایم ایڈ کے شعبہ جات میں طلباء و طالبات کو تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔

آئی بی آئی کے ڈائریکٹر و فاصلاتی تعلیم کے کوار ڈنیٹرعبدالحمید قمبرانی نے یونیورسٹی آف بلوچستان کی جانب سے متعارف کرائے گئے ’’فاصلاتی تعلیم‘‘پیکج کی ذمہ داری خضدار میں سنبھال رکھے ہیں ،اور اسی طرح کی تعلیمی پروگرام کا سلسلہ حب میں بھی جاری ہے۔

کوارڈنیٹر عبدالحمید قمبرانی کی میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ خضدار شہر اور حب میں یونیورسٹی آف بلوچستان کی جانب سے DISTANCE EDUCATION(فاصلاتی تعلیم)کے متعارف کرانے سے بچے اور بچیوں کو اپنے ہی شہر و ان کے گھر کی دہلیز پر معیاری و جدید تعلیم کی سہولت میسر آئی ہے۔

چونکہ ایک تو سفری اخراجات ، ہاسٹل کی فکر اور پھر اپنے ہی شہر سے دور تعلیم کے حصول کے لئے جانا ایک بڑی مشکل تھی جس کی وجہ سے یہاں کے طلباء و طالبات کے لئے مذید تعلیم جاری رکھنا مشکل مرحلہ ہوتا تھا ، تعلیم کے حوالے سے جو سہولت انہیں اپنے ہی شہر ملی تو وہ انہوں نے حاصل کرلی ، جب آگے پڑھنے کی سہولت میسر نہیں توانہوں نے تعلیمی سلسلے کو ترک کرد یا ۔

تاہم پیکج اور نظام کے خضدار شہر میں آنے سے یہاں کے طلباء و طالبات کی خوشی کی انتہاء ہی نہیں رہی ، اور اب وہ اپنے ہی شہر میں بی بی ایس ، ایم اے انگلش ، ایم اے اردو، ایم ایس سی ، میتھ میٹکس، اور ایم اے اکنامکس و ایم ایڈ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔

یونیورسٹی آف بلوچستان کی جانب سے فاصلاتی تعلیمی نظام کے متعارف کرانے سے طلباء و طالبات کو بے حد فائدہ پہنچاہے خضدار شہر میں 6پروگرامز اور حب میں دو پروگرامزمیں درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے، مقامی بچے اور بچیاں آکر تعلیم حاصل کرتے ہیں اور پھر وہ سکون کے ساتھ اپنے گھر وں کو لوٹ بھی جاتے ہیں ۔

خضدار اور حب میں رواں سال کے ابتدائی مہینہ میں تعلیم کا آغاز ہوچکا ہے اور اب طلباء کے مڈ ٹرم امتحانات ہورہے ہیں ۔ طلباء و طالبات نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی آف بلوچستان کی جانب سے ’’فاصلاتی تعلیم‘‘کا جو نظام متعارف کرایا گیاہے وہ بے حد مفید ہے ۔

اس سے ہمیں اپنی تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے میں مدد ملی ہے ، اس سے پہلے ہم مذید تعلیم جاری رکھنے کے حوالے سے کئی بار سوچتے ، چونکہ یہ سہولت ہمیں ہمارے شہر میں میسر نہیں تھی ، پھر ہم شہر سے باہر جا بھی نہیں سکتے تھے ،تاہم تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کے لئے یونیورسٹی آف بلوچستان نے ہمارے اہم مشکل کو حل کردی ہے ،اب ہم تعلیمی سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور پڑھ بھی رہے ہیں جس کی وجہ سے ہم اپنے ہی شہر میں اعلیٰ ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

یونیورسٹی آف بلوچستان کا یہ قابل ستائش اقدام سے اب بلوچستان کے دارالحکومت سے دور دوسرے شہروں میں بھی نوجوان نسل پڑھ سکے گی اور اعلیٰ تعلیم کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیگی ۔