|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2018

کوئٹہ : لاپتہ افراد کی بازیابی خوش آئند اقدام ہے بلوچستان کا مسئلہ طاقت سے نہیں مذاکرات سے حل ہو گا چھ نکات پر وفاقی حکومت عملدرآمد کو یقینی بنائے گی حکومت میں ہوں یا اپوزیشن عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے .

ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ ‘ مرکزی فنانس سیکرٹری ایم پی اے ملک نصیر احمد شاہوانی نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جو چھ نکات پیش کئے ہیں وہ عوام کے مطالبے ہیں ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت اقدامات کرے گی ۔

لاپتہ افراد کی بازیابی خوش آئند ہے مگر تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے کہ اس کو عدالتوں میں پیش کیا جائے انہو ں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ طاقت سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہو گا حکومت کا حصہ بنیں یا اپوزیشن میں ہوں عوام مسائل کا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔

پارٹی کے انتخابی منشور میں شامل تمام شقوں پر عملدرآمد کرنے کیلئے ایوان بالا سمیت صوبائی اسمبلی میں بھی آواز بلند کریں گے اگر قانون سازی کرنے کی ضرورت پڑی تو قرارداد لائیں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستانی عوام کی نظریں پارٹی پر لگی ہوئی ہے سردار اختر جان مینگل کی قیادت وقت و حالات کی ضرورت ہے عوام کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سامنے اقتدار سے زیادہ عوام کی اہمیت ہے اور انہوں نے جو پارٹی کو مینڈیٹ دیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن صوبائی اسمبلی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی صدارتی انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے رابطے کئے ہیں اور سردار اخترجان مینگل سے بات چیت چل رہی ہے ایک دو دن میں تمام صورتحال واضح ہو جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ صدارتی الیکشن کے حوالے سے کسی امیدوار کی حمایت کرے گی کیونکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سامنے عوام کے اجتماعی اور قومی مفادات زیادہ اہمیت رکھتے ہیں اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان جماعتوں کے ساتھ صوبہ کے مفادات کے بارے میں سوچیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مفادات پر کسی صورت سودا بازی نہیں کریں گے اور بلوچستان نیشنل پارٹی صوبہ کے حقوق کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ہمیں امید ہے کہ سردار اخترجان مینگل کی قیادت میں بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی صدارتی انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے رابطے کئے ہیں اور سردار اخترجان مینگل سے بات چیت چل رہی ہے ایک دو دن میں تمام صورتحال واضح ہو جائے گی۔