|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2018

پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے یکطرفہ انحراف پر ایران کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ یقین دہانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ساتھ مذاکرات میں کروائی۔پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ کسی بھی اعلیٰ غیر ملکی وفد کا پہلا دورہ ہے۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف گزشتہ دنوں دور روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے۔ 

انہوں نے گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔وزیر خارجہ کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات میں ایرانی مہمان نے نئی حکومت کو مبارک باد دی۔

مذاکرات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی جس میں افغانستان کی صورتحال اور جوہری معاہدے سے یک طرفہ امریکی انخلا ء شامل ہے۔شاہ محمود قریشی نے امید ظاہرکی کہ جوہری معاہدے میں شامل دیگر فریق اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گی کیونکہ عالمی جوہری ادارے آئی اے ای اے نے کئی مرتبہ ایران کی جانب سے معاہدے کی پاسداری کی تصدیق کی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان اور ایران کے مابین مشترکہ سرحد پر شدت پسندوں کی موجودگی اور ایران گیس پائپ لائن اہم مسائل رہے ہیں۔ مشترکہ بیان میں اس کے متعلق کوئی نئی بات نہیں کی گئی تاہم اس پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک مشترکہ سیاسی اور اقتصادی کمیشنوں کے اجلاس جلد طلب کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ کو یقین دلایا گیا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لیے خلوص سے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ سال دو ہزار تیرہ میں وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد سے یہ جواد ظریف کا پاکستان کا آٹھواں دورہ ہے۔

دونوں ممالک باہمی تجارت کا حجم آئندہ پانچ برسوں میں پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔گزشتہ ماہ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد بغیری بھی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ اسلام آباد کا دورہ کیا۔ 

ان دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے کا اہم ترین ملک ہے اس کی خاص وجہ پاکستان کا جغرافیہ ہے اور اسی اہمیت کے باعث دنیا اس خطے میں پاکستان کو سب سے زیادہ اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 

سرد جنگ سے لیکر نائن الیون تک یہ خطہ جنگ زدہ بن چکا ہے جہاں خاص کر شدت پسندی کے واقعات زیادہ رونما ہوئے تو وہیں امریکہ سمیت دنیا کی دیگر طاقت ور ممالک نے اس خطے میں اپنے پنجے گاڑھنے شرو ع کئے۔

پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کیامگر آج بدلتے معاشی وسماجی حالات کے تقاضے کچھ اور ہیں اور اسی طرح پاکستان بھی دنیا کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کیلئے کوشاں ہے۔ 

مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات برقرار ہیں شاہ ایران کے دورمیں بھی پاکستان میں اچھی سرمایہ کاری کی گئی اور ایران نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کیلئے گیس پائپ لائن منصوبہ بھی بنایا مگر عالمی دباؤ میں آکر ماضی کے حکمرانوں نے اس عمل کو آگے نہیں بڑھایا، پاکستان کی نئی حکومت کو چاہئے کہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے علاوہ تجارتی حوالے سے معاہدے کرے تاکہ یہ تعلقات مزید مستحکم ہوسکیں ۔

اس سے قبل ایران نے پاکستان کو سستی بجلی کی فراہمی کی بھی پیشکش کی تھی مگر اس کو عملی جامہ نہیں پہنایاجاسکا۔ اگر ایران سے پاکستان سستی بجلی خریدے تو ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے تعلقات نہ صرف پڑوسی ممالک بلکہ امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی آگے بڑھانے ہونگے کیونکہ اس خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کیلئے یہ انتہائی ضروری ہے۔ 

پاکستان اس سے قبل بھی دنیا کو یہ باور کراچکا ہے کہ افغانستان میں امن سمیت خطے کی خوشحالی کیلئے ہر سطح پروہ اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے مگر صرف جنگ سے تمام اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے اس لئے بات چیت کے عمل اور مذاکرات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے معاملات کو حل کیاجائے تاکہ خطے میں موجود تمام ممالک ایک دوسرے کے قریب آسکیں۔

آج مغرب کی ترقی یورپی یونین کی مرہون منت ہے اور اسی طرح امریکہ کی معیشت کی کامیابی اپنی مصنوعات کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے یہی سکت پاکستان بھی رکھتا ہے پاکستان کے پاس بھی وہ تمام پیداواری وسائل موجود ہیں جس سے وہ عالمی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرکے اپنی معیشت کو بہتر بناسکتا ہے، مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان کو عالمی منڈی تک رسائی دی جائے کیونکہ پاکستان نے قیام امن کیلئے جتنی قربانیاں دی ہیں شاید ہی کسی اور ملک نے دی ہو۔ 

پاکستان خطے کا اہم ترین ملک نہ صرف دفاعی حوالے سے ہے بلکہ وسائل اور پیداوارکے حوالے سے بھی اہمیت رکھتا ہے ۔ نئی حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عالمی سطح پر لابنگ کرتے ہوئے اپنی اہمیت کو اجاگر کرے جو ماضی کے حکمرانوں نے کبھی نہیں کیا جس کی وجہ سے آج پاکستان بہت سی مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔

One Response to “پاکستان خطے کااہم ترین ملک”

Comments are closed.