کراچی: ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے قریبی ساتھیوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی سندھ کے شہروں کی بڑی جماعت ہے، ان شہروں کے مسائل کے حل پر ایم کیو ایم کی گرفت ہے تاہم ایم کیو ایم کو چاہیے کہ وہ اپنی غلطیاں درست کرے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہم جہاں حکومت میں شامل ہوکر ملک کی تعمیر میں کردار ادا کریں، وہیں ہمارے خلاف ہونے والی دھاندلی پر بھی کردار ادا کریں، عمران خان صاحب حلقے کھولنے کو تیار ہیں لہذا ہمیں انتخابی عمل کی ویڈیو دکھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میری 35 سال کی جدوجہد آپ کے سامنے ہے، چھینی گئی نشستیں واپس لینی ہیں جب کہ تحریک انصاف کے قریبی ساتھیوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ جب چیف جسٹس صاحب خود کہتے ہیں کہ انہوں نے شراب کی بوتلیں دیکھیں، اگر زیتون کا تیل ہی تھا تو شراب کی بوتل میں ہی کیوں تھا لہذا شرجیل میمن کے معاملے پر قانونی تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔