لاہور: بھارت پاکستان کو کشن گنگا سمیت دیگر متنازعہ ڈیموں کا تفصیلی معائنہ کرانے پر رضامند ہو گیا۔
انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کے مطابق بھارت کشن گنگا پاور پراجیکٹ کی خصوصی انسپکشن کرانے پر راضی ہوگیا ہے اب کشن گنگا سمیت دیگر پراجیکٹس کے معائنے میں تاخیر نہیں ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ متنازعہ پاور پراجیکٹس کے معاملے پر چار سال سے جنرل اور اسپیشل معائنے کا سلسلہ بند تھا تاہم بھارت سے اس سلسلے میں سندھ طاس معاہدے کے تحت رابطہ جاری تھا جس کا اب مثبت جواب ملا ہے۔
سید مہر علی شاہ نے کہا کہ رواں ماہ میں پاکستانی ٹیم پہلے پاکلدل اور لوہر کلناہی کا دورہ کرے گی جس کے بعد کشن گنگا کا معائنہ کیا جائے گا۔
سندھ طاس معاہدے کے تحت دونوں کمشنروں کو اختیار حاصل ہے کہ وہ عام معائنے کے ساتھ خصوصی معائنہ بھی کرسکتے ہے۔