|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2018

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عدلیہ بحالی تحریک میں شامل ہونا ہماری غلطی تھی اور اب ہمیں لگتا ہے کہ آصف زرداری کی اس وقت کی باتیں ٹھیک تھیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ انتخابات کے نتیجے کو کسی نے تسلیم نہیں کیا، ایک ایسے آدمی کو لا کر بٹھا دیا گیا ہے جو منتخب نہیں ہے، ہم نہیں چاہتے عمران خان کے حصے بھی وہ رسوائی آئے جو دیگر سابق وزرائے اعظم کے حصے میں آتی رہی ہے، ہم نے اس الیکشن کا بھی حلف لیا جو الیکشن ہے ہی نہیں۔

یہ ملک ایسے نہیں چل سکتا، لوگوں کو حقوق دینا ہوں گے، جب تک نواز شریف جیل میں ہیں حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ پاکستان کی بقاء کے لیے نواز شریف کو آزادی دلانا ہوگی۔

سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عدلیہ بحالی تحریک کے دوران عمران خان اسلام آباد میں چھپے ہوئے تھے، عدلیہ بحالی تحریک میں شامل ہونا ہماری غلطی تھی، ہمیں لگتا ہے کہ آصف زرداری کی اس وقت کی باتیں ٹھیک تھیں۔ عدلیہ بحالی تحریک میں نواز شریف کو تجویز دی تھی کہ ایک بار سوچ لیں، ہمیں لگتا تھا کہ اب مارشل لا کی چاپ بھی نہیں آئے گی لیکن سارا کام الٹا ہو گیا۔