لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر واقع پلازہ میں آگ لگنے کے باعث متعدد افراد عمارت کے اندر پھنس گئے تھے جنہیں ریسکیو آپریشن کے ذریعے نکالا گیا جب کہ بالائی منزل سے جان بچانے کے لیے رسی کے ذریعے کودنے والا نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
لاہور کے علاقے گلبرک میں ایم ایم عالم روڈ پر 12منزلہ عمارت کی بیسمنٹ میں لگی آگ پر 2 گھنٹے میں قابو پالیا گیا، فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، جب کہ عمارت میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے وہاں موجود لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
عمارت کی بالائی منزلوں سے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلنے کی کوششیں کرتے رہے، جان کے خطرے کے پیش نظر عمارت میں پھنسے ایک شخص نے رسی کے ذریعے بالائی منزل سے نیچے آنے کی کوشش کی تو اس دوران رسی ہاتھ سے چھوٹ گئی اور وہ نیچے گر کر زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
کثیر المنزلہ عمارت میں شاپنگ سینٹرز، دفاتر اور رہائشی فلیٹس بنے ہیں جن میں درجنوں افراد موجود تھے، عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ہنگامی راستے میں لگائے گئے دروازے کھول دیے گئے تھے جب کہ بعض افراد کو اسنارکل کی مدد سے ریسکیو کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے پلازے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ریسکیو آپریشن جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا تھا۔