کوئٹہ : صدرمملکت ڈاکٹر عارف الرحمن علوی سے قائم مقام گورنر بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ملاقات ،صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال کی قیادت میں بننے والی بلوچستان حکومت بہتر انداز میں عوام کی خدمت کررہی ہے ۔
بلوچستان کی احساس محرومی اور عوام کے مسائل کو حل کرنا حکومت کا مشن ہے ،وفاق سے مطالبہ کیاہے کہ نئے این ایف سی ایوارڈ کا جلد ازجلد اعلان کرکے صوبے میں پائی جانے والی محرومیوں کو فوری طور پر ختم کیاجائے گزشتہ روز صدرمملکت ڈاکٹرعارف الرحمن علوی سے قائم مقام گورنر میر عبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی طویل ملاقات میں سیاسی اور حکومتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد ”آن لائن ”سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے قائم مقام گورنربلوچستان کاکہناتھاکہ موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں عوامی مینڈیٹ حاصل ہونے کے بعد قائم ہوئی ہے ،بلوچستان میں جام کمال کی قیادت میں بننے والی صوبائی حکومت پر نہ صرف پارلیمانی سیاسی جماعتوں کا اعتماد ہے بلکہ عوام کا بھی بھرپور اعتماد حاصل ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اس قسم کا تاثر پیدا کرناکہ بلوچستان میں حکومت میں اختلافات ہیں سراسر بے بنیاد اور ان لوگوں کا پروپیگنڈہ ہے جن کو عوام نے مسترد کردیا ،انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں حکومت بہتر انداز میں کام کررہی ہے اور آئندہ چند دنوں میں ہی ان کے ثمرات آنا شروع ہونگے عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں ۔
انشاء اللہ ان امیدوں پر مخلوط حکومت میں شامل تمام جماعتیں پورا اتریں گی ،انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نئے جذبے کے تحت وجود میں آئی ہے ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب وہ غلطیاں دوہرائی نہیں جائینگی ،کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں انہوں نے نومنتخب صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کے دوران بلوچستان میں پائی جانے والی محرومیوں کے حوالے سے صدر کی توجہ دلائی ہے ۔
انہوں نے صدرمملکت سے مطالبہ کیاہے کہ نئے این ایف سی ایوارڈ کے تحت چھوٹے صوبوں کو زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیاجاسکے جوکہ موجودہ حکومت کاایک عزم ہے ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو مالی بحران سے نکالنے کا واحد حل یہی ہے کہ نئے این ایف سی ایوارڈ کااعلان کیاجائے تاکہ خوشحال بلوچستان کا خواب پورا ہوسکے۔
این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کوزیادہ فنڈز دیئے جائیں ،قدوس بزنجو
وقتِ اشاعت : September 11 – 2018