کوئٹہ: کوئٹہ میں منی پٹرول پمپ میں آگ لگنے کے باعث دوافراد جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ آگ پر ایک گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔پولیس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ سریاب تھانے کی حدود میں واقع سبزل روڈ پر پیش آیا جہاں منی پٹرول پمپ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگ گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔آتشزدگی سے بائیس عبدالباقی ولد عبدالباری عمر اورپینتیس سالہ عبیداللہ ولد خدائے رحیم زخمی ہوگئے جنہیں بولان میڈیکل کمپلیکس کے برن سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
آتشزدگی سے پانچ سے زائد دکانوں اور سکریپ کے تین گوداموں کو بھی نقصان پہنچا۔واقعے کی مزید تفتیش تحقیقات جاری ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق سبزل روڈ کے منی پٹرول پمپ میں کافی عرصے سے غیرقانونی پٹرول کی فروخت کا سلسلہ جاری تھا۔
اتوار کی دوپہر کو پمپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے پمپ میں رکھے ڈیزل اور پٹرول کے ڈرم دھماکوں سے پھٹنے لگے۔ آگ کی شدت میں اضافے کے بعد دھوئیں اور آگ کے بادل بلند ہونے لگے جس سے پمپ کے عقب اور سامنے والی آبادی کے مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
کوئٹہ، منی پیٹرول پمپ آگ لگنے سے دو افراد جھلس کر زخمی
وقتِ اشاعت : September 17 – 2018