|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2018

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم عمران خان دوروزہ سرکاری دورے پرسعود ی عرب روانہ ہوگئے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر، وزیراطلاعات فواد چوہدری، سیکرٹری امورخارجہ تہمینہ جنجوعہ اورمشیربرائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان عبدالعزیز اورولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پردورہ کررہے ہیں۔

دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم قیام کے دوران سعودی فرمانروا اورولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اوراوآئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹریوسف بن احمد سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی فرمانروا وزیر اعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے، وزیراعظم سعودی عرب میں قیام کے دوران روضہ رسول اللہﷺ پر حاضری بھی دیں گے اورعمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے جہاں ایئر پورٹ پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النہیان وزیراعظم کا استقبال کریں گے، وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔