لاہور: مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے والدہ کو ٹیلی فون کرکے نوازشریف کی سزا معطلی کی خوشخبری سنادی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نوازشریف،مریم نواز اور محمد صفدر کی رہائی کا فیصلہ سامنے آتے ہی شہباز شریف نے والدہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ امی جی تہاڈے پتر دی سزا معطل ہوگئی ہے۔
بیٹے کی رہائی کے فیصلے پر نواز شریف کی والدہ نے اللہ کا شکر ادا کیا اور فیصلے پر اظہار اطمینان کیا۔شہباز شریف نے والدہ کو بتایا کہ وہ اڈیالہ جیل جارہے ہیں اور رہائی کاپروانہ ملتے ہی وہ نوازشریف،مریم نواز اور محمد صفدر کو لے کر لاہور آجائیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر شہباز شریف نے ٹوئٹر پر ایک قرآنی آیات بھی شیئر کی ۔
علاوہ ازیں شہبازشریف پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں، مرتضی جاوید عباسی ،سردار مہتاب ،سینیٹر چوہدری تنویر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔