|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2018

نئی دہلی: بھارتی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں اہم ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے آج بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو خط لکھ کر مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔ بھارتی حکومت نے دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔

بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پاکستانی وزیراعظم کی درخواست پر کی گئی ہے جس کے لیے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو خط لکھا تھا۔

بھارتی وزرات خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے مزید کہا کہ فی الحال ملاقات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ ملاقات کے ایجنڈے سے متعلق بھی جلد میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا تاہم اس ملاقات کو بھارتی پالیسیوں کی تبدیلی سے تعبیر نہ کیا جائے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج 24 ستمبر کو نیویارک پہنچ رہی ہیں اور شاہ محمود قریشی بھی روانہ ہورہے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دوپہر کے کھانے پر ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مودی کو لکھے گئے خط میں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ قبل ازیں عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں بھی کہا تھا کہ بھارت اگر ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔