کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں صوبے بھر کی جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار کی بہتری کے لئے فوری اور بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے وزیرداخلہ اور سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرکے تمام جیلوں میں قید خواتین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے حل کے اقدامات اور انہیں بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سفارشات تیار کرکے حکومت کو پیش کی جائیں جن کی روشنی میں ضروری وسائل فراہم کرکے قیدی خواتین کی حالت زار کو بہتر بنایا جاسکے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ نے کوئٹہ میں زیر زمین پانی کی تیزی سے گرتی ہوئی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو اس صورتحال کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کرنے اور آبی ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت کی ہے، زیرزمیں آبی ذخائر کی بہتری، پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کے صحیح مصرف کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات کی تیاری کمیٹی کا مینڈیٹ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ کا خواتین قیدیوں کی حالت زار کی بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایت
وقتِ اشاعت : September 26 – 2018