|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2018

اسلام آباد: ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے احتجاج کے بعد ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے احتجاج کے بعد پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کا فیصلہ واپس لے لیا، ریڈیو پاکستان کے ملازمین نے عمارت کو لیز پر دینے کے خلاف پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجاً دھرنا دے رکھا تھا تاہم اب وزیراطلاعات بیرسٹرفواد چوہدری نے عمارت کو لیز پر دینے کے احکامات بھی واپس لے لیے ہیں۔

وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ فی الوقت ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ریڈیو پاکستان کو بہترین بنانے کے لیے وزارت سے تجاویز مانگی تھیں اور وزارت اطلاعات نے ریڈیو ملازمین سے ادارے کی بہتری کے لیے یکم نومبر تک تجاویز مانگی ہیں۔

وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان نے 1965 کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا، اور فوجی جوانوں کا لہو گرمایا، وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری ریڈیو ملازمین کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے۔