کراچی: چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے کوئلے سے چلنے والے 1320میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے کامیابی کے ساتھ نیشنل گرڈ سے منسلک ہو کر اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔
جس کے نتیجے میں پلانٹ کو جامشورو ٹرانسمیشن لائنز سے 500کلوواٹ بیک فیڈ بھی ملنی شروع ہوگئی ہے۔ اس بات کا اعلان کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڑاؤینگ گینگ نے کیا۔کمپنی سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق اس سنگِ میل کو حاصل کرنے میں چائنا پاور حب جنریشن کمپنی اورنیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے پیداواری یونٹ اورٹیکنیکل ڈپارٹمنٹس نے دن رات محنت کی۔
اس کامیابی کے ساتھ چائنا پاور حب جنریشن رسمی طور پر کمیشننگ کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جس کے بعد کمپنی کا پہلا یونٹ دسمبر2018میں نیشنل گرڈ کے ساتھ مربوط ہوجائے گا۔واضح رہے کہ پاور بیک فیڈنگ مکمل کرنے کا مرحلہ لائن کنکشن، سائٹ ایکسیپٹنس ٹیسٹ،ہائی پریشر ٹیسٹ، انجیکشن ٹیسٹ اور انٹر ٹریپنگ ٹیسٹ متعلقہ ریگولیٹری حکام کے مشاہدہ کے بعد پورا ہوا تھا۔
پورے آپریشن کو محفوظ طریقے سے مکمل کیا گیا تھااور متعلقہ گرڈ کے آلات تمام پیرامیٹرز کے اندر پائے گئے تھے۔اس موقع پر چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڑاؤینگ گینگنے NTDCکو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی NTDCکے مسلسل تعاون کی امید کرتے ہیں۔
یہ سنگِ میل اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ہم اگست2019میں اپنے کمرشل آپریشن کو شروع کرنے کے ہدف کو پورا کرلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پی ایچ جی سی پاکستان اور چین کے مابین گہرے تعلقات کی مثال ہے۔ جس میں پاکستانی اور چینی پاکستان میں بجلی کی قلت کو کم کرکے پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے میں ملکر کام کررہے ہیں۔
چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کامیابی کے ساتھ نیشنل گرڈ سے منسلک
وقتِ اشاعت : October 2 – 2018