اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن سے نہ بنانا حکومتی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پیپلز پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے نہ لگانا حکومت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں چوہدری نثار کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنا کر اعلیٰ مثال قائم کی تھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت ابتدائی دنوں میں ہی ایکسپوز ہوگئی ہے تاہم پیپلز پارٹی عوامی ایشوز پر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کو اجلاس میں جا کر پاکستان کا ٹھوس موقف پیش کرنا چاہیے تھا، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ نہ جا کر اہم موقع ضائع کیا۔
واضح رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں متحد ہوگئی ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے چیئرمین پی اے سی کا عہدہ اپوزیشن کو نہ دیا تو تمام اپوزیشن جماعتیں اس کمیٹی کا حصہ نہیں بنیں گی۔