کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران اور کیچ میں بم دھماکوں کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے پانچ اہلکار شہید اور 9اہلکار زخمی ہوگئے۔
سیکورٹی حکام کے مطابق آواران سے شمال مشرق میں35کلومیٹر دورپیر اندر کے پہاڑ ی علاقے میں فرنٹیئر کور بلوچستان 112ونگ کے اہلکار لیفٹیننٹ کرنل طاہر فاروق کی سربراہی میں سرچ کررہے تھے اس دوران نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے کچے راستے پر نصب کئے گئے دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا ۔ دھماکے سے ایف سی کے پانچ اہلکار شہید اور سات زخمی ہوگئے۔
شہید اہلکاروں کی شناخت حوالدر عبدالرحمان، لانس نائیک سخی اللہ، لانس نائیک شاہ محمد، سپاہی خلیل احمد اور سپاہی اسد اللہ کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں نائب صوبیدار اکرام اللہ، سپاہی شاکر، لانس نائیک احسان اللہ، سپاہی محمد فرہان، لانس نائیک عالمگیر،سپاہی عمر اور سپاہی سبیل احمد شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔
واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ادھر کیچ کے علاقے تمپ میں بھی سیکورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے سڑک کنارے نصب کئے گئے بم حملہ کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا اور اس میں سوار دو اہلکار معمولی زخمی ہوگئے ۔زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
آواران اور کیچ میں سیکورٹی فورسز پر حملہ، 5اہلکار شہید ،9زخمی
وقتِ اشاعت : October 3 – 2018