|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2018

کوئٹہ: صوبائی وزیر اطلاعات وہائیر ایجوکیشن میر ظہور بلیدی نے کہاہے کہ بلوچستان میں نئے بلدیاتی نظام کا ایکٹ جلد منظور کرلیا جائیگا ،صوبائی کابینہ رواں ہفتے میں مکمل ہوجائے گی بلوچستان عوامی پارٹی نئے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی ،پارٹی کو صوبے بھر میں فعال کرنے کیلئے یونٹ سازی مہم شروع کی جائے گی ،وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کو دیگر صوبوں کی نسبت ترجیح دینے کی یقین دہانی کروائی ہے ،یہ بات انہوں نے اتوار کی شب بلوچستان عوامی پارٹی کے دفتر میں وزیراعلی کے مشیر برائے فشریز عبدالرؤف رند ،رکن صوبائی اسمبلی بشری رند ،بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منظور کاکڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،میر ظہور بلیدی نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت سازی کے بعد آج وزیراعلی اور پارٹی کے مرکزی صدر میر جام کمال کی صدارت میں پارٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے وفاقی وصوبائی وزراء ،سینیٹر، اراکین اسمبلی ،مرکزی قائدین نے شرکت کی ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں نیا بلدیاتی ایکٹ منظور کرنے کے بعد نئے سرے سے بلدیاتی نظام قائم کیا جائیگا ،پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے یونٹ سازی مہم شروع کی جائے گی ،اراکین اسمبلی ،وزراء ہر ضلع میں جائیں گے اور وہاں پارٹی کو فعال کرنے کیلئے مہم چلائیں گے ،انہوں نے کہاکہ جتنے بھی وزراء ،سینیٹر ،اراکین اسمبلی ہیں وہ پارٹی کو اپنی کارکردگی کے حوالے سے جواب دے ہوں گے ،انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں وزیراعلی اور کابینہ نے مکران ڈویژن کا دورہ کیا جہاں گوادر میں پینے کے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کرنے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں ،پسنی میں کئی سالوں بعد پانی کی فراہمی شروع کردی گئیں ہے ،ذکری زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں گی ،پسنی میں ڈگری اور انٹر کالج تعمیر کئے جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کی سہولت کیلئے کام کررہی ہیں گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمران خان کیساتھ ملاقات میں صوبے کے مسائل پر بات ہوئی ہے انہوں نے صوبے کے مسائل حل کرنے کیلئے مثبت یقین دہانی کروائی ہے ،پہلے وفاق میں حکومت بنانے والی جماعتیں صرف ووٹ بینک والے علاقوں میں ترقیاتی کام کرتی تھیں لیکن اب مرکزی حکومت کا روئیہ تبدیل ہوا ہے ،بلوچستان کو ترجیح دی جارہی ہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ صوبائی کابینہ تقریبا مکمل ہے رواں ہفتے پوری کابینہ کابینہ مکمل کرلی جائے گی ،بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منظور احمد خان کاکڑ نے کہاکہ حلقہ پی بی 35کے ضمنی انتخاب میں سردار نور احمد بنگلزئی کو پارٹی کی مشاورت سے امیدوار قرار دیا گیا ہے اس حوالے سے پارٹی کے مرکزی رہنماء میر عاصم کرد گیلو ،نوابزادہ شہید سراج خان رئیسانی کے صاحبزادے جمال رئیسانی کو بھی اعتماد میں لیا گیا انہوں نے اپنی موجودگی میں سردار نور احمد بنگلزئی کو پارٹی کا امیدوار قرار دیا ،ایک سوال کے جواب میں منظور احمد کاکڑ نے کہاکہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو وزیر بلدیات نے اپنی مصروفیات کی وجہ سے پارٹی اجلاس میں شرکت نہیں کی اس حوالے سے انہوں نے پیشگی اطلاع دے دی تھی ،انہوں نے کہاکہ پارٹی کا ہر وزیر ہفتے میں ایک دن پارٹی دفتر میں لوگوں کے مسائل سنے گا ہماری ڈیڑھ ماہ کی حکومت کی کامیابی کا ثبوت یہ ہے کہ پہلی بار وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں شرکت کرکے صوبائی کابینہ کے مسائل سنیں اور بلوچستان کی بہتری کیلئے یقین دہانی کروائی ،بی اے پی صوبے کے نوجوانوں کو ساتھ لیکر چلے گی اور ایک خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھے گی ،رکن صوبائی اسمبلی بشریٰ رند نے کہاکہ پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہواہے کہ صوبے کے تعلیم یافتہ بے روزگاری نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی ہم عوام کی خدمت میں مصروف ہیں پارٹی میں کسی قسم کا اختلاف نہیں ہم سب ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں مستقبل میں بلوچستان میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی وزیراعلی میر جام کمال صوبے کے پہلے وزیراعلی ہیں جو مکمل طورپر متحرک نظر آتے ہیں ،وزیراعلی کے مشیر عبدالرؤف رند نے کہاکہ آج کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پارٹی اجلاس میں شرکت کی پارٹی کے وفاقی وزراء ،سینیٹر ز ،ارکان قومی اسمبلی وفاق میں صوبے کی آواز کو بھرپور اندازمیں بلند کریں گے جبکہ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی انہیں بلوچستان کے مسائل سے ہمہ وقت آگاہ رکھیں گے ،انہوں نے کہاکہ صوبائی ووفاقی حکومتیں بلوچستان کی بہتری کیلئے بہتر کام کریں گی۔