|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2018

روم: اٹلی نے کہا ہے کہ اگر جرمنی نے مہاجرین کے گروپ کو بھیجا تو جواباً ہم جرمنی کے لیے اپنے تمام ہوائی اڈوں کو بند کردیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مہاجرین کے تبادلے پر اٹلی اور جرمنی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ اٹلی نے جرمنی سے فضائی رابطے معطل کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

اپنے ایک بیان میں اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے واضح کیا ہے کہ جرمنی نے مہاجرین کو واپس اٹلی واپس بھیجنے کے اپنے مبینہ منصوبے پر عمل درآمد کیا تو جرمنی کے لیے اپنے تمام ہوائی اڈے بند کردیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں ماریو سالوینی کا مزید کہنا تھا کہ اٹلی جرمنی کے لیے اپنی بندرگاہیں پہلے ہی بند کرچکا ہے اور جرمنی نے مزید مہاجرین بھیجنے کی کوشش کی تو ایئرپورٹس بھی بند کردیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اطالوی میڈیا نے جرمنی حکومت پر چارٹرڈ طیاروں کے ذریعے پناہ گزینوں کو اٹلی بھیجنے کا منصوبہ تیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے تاہم جرمنی کی حکومت نے ان خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔