تربت: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن تربت زون کا جنرل باڈی اجلاس عطاشاد ڈگری کالج تربت میں زونل آرگنائزر عقیل جلال کی زیرصدارت منعقد ہوا جس کے مہمان خاص بلوچ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن کے مرکزی سینئر جوائنٹ سیکرٹری جیئند بلوچ تھے جبکہ اعزازی مہمان جونئیر جوائنٹ سیکرٹری ظفر رند اور مرکزی کمیٹی کے رکن خلیفہ بلوچ تھے جبکہ اجلاس کی کاروائی صدیر بلوچ نے چلائی۔ اجلاس میں مختلف ایجنڈے شامل تھے جس میں زونل رپورٹ، بین الاقوامی و قومی تناظر، تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز شْہدائے بلوچستان کے یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے ہوا۔ بین الاقوامی و قومی تناظر پر بات کرتے ہوئے ساتھیوں نے کہا کہ آج اگر ہم بین الاقوامی حالات کا جائزہ لیں تو ہمیں ایک دفعہ پھر عالمی قوتوں کی چپکلش دکھائی دیتی ہے اور عالمی طاقت کا توازن تبدیل ہوتا نظر آتا ہے۔