بھارت میں کورونا تاحال بے قابو ہے ، روزانہ تین لاکھ سے زائد نئے مریض رجسٹرڈ کیے جا رہے ہیں۔ صرف پانچ دنوں میں کورونا کے 17 لاکھ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ وہاں مجموعی طور پر کورونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔کورونا مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافے کے باعث ملک کا نظام صحت تقریباً مفلوج ہوکررہ گیاہے، اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بسترنہیں ہیں، ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ مصنوعی آکسیجن کے حصول میں لوگ دربدرپھر رہے ہیں۔
ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی اشیاءخوردونوش سمیت ہر چیز مہنگے داموں فروخت ہونے کی رواےت اب تک برقرار ہے حالانکہ اس مبارک ماہ کے دوران مسلم امہ کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ثواب اور نیکیاں سمیٹ کر دعائیںحاصل کریں مگر بدقسمتی سے ہمارے یہاں اس مبارک ماہ کو منافع کے طور پر لیاجاتا ہے ۔
افغان طالبان نے ترکی امن کانفرنس میں شرکت طالبان قیدیوں کی رہائی سے مشروط کردی۔طالبان کاکہنا ہے کہ کانفرنس میں شرکت کے بدلے امریکا طالبان رہنماؤں پرعائد پابندیوں کے خاتمے کو یقینی بنائے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ترکی میں 24اپریل کو ہونے والی افغان امن کانفرنس طالبان کی غیر حاضری کے باعث عید الفطر کے بعد تک ملتوی کردی گئی ہے۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کا کہنا ہے کہ کانفرنس کو طالبان کی شرکت یقینی نہ ہونے پر ملتوی کیا گیا کیونکہ طالبان کے بغیر کانفرنس کا کوئی مقصد حاصل نہیں ہوسکتا۔
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے زرغون روڈ سرینا چوک پر نجی ہوٹل کے پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاںبحق جبکہ 12افراد زخمی ہوئے ۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے زرغون روڈ پر مقامی ہوٹل کے پارکنگ میں زورداردھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔دھماکے سے ہوٹل کے پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی،لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیاگیا ،زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔جاں بحق افراد میں2 سیکیورٹی گارڈ اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے جبکہ دھماکے میں 2 اسسٹنٹ کمشنرز بھی زخمی ہوئے۔
گزشتہ چند روز سے ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب تھی اور اس کی وجہ کالعدم تنظیم کی جانب سے دھرناتھا اور اس جماعت کی جانب سے پہلی بار دھرنا نہیںدیاجارہا تھااور نہ ہی یہ مسئلہ پہلے والے دھرنوں سے الگ ہے۔ فیض آباد دھرنے سے لیکر اب تک اس تنظیم کامطالبہ وہی ہے جس پر باقاعدہ ن لیگ اور پھرموجودہ حکومت نے تحریری معاہدہ کیا تھا اس احتجاج اور معاہدے کے حوالے سے پہلے جو کچھ حکومتوں کی جانب سے کیا گیا اب اسی پر زیادہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں ۔بہرحال ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھاناانتہائی ضروری ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔گزشتہ روز میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ آج وزارت خزانہ میں میرا پہلا دن ہے اور 11 سال بعد وزارت خزانہ میں آیا ہوں، مجھے نہیں معلوم یہاں کیا ہورہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد اپنی ترجیحات کا اعلان کروں گا جب کہ آئندہ بجٹ کی تیاری شروع کردی ہے، بجٹ پر وزارت خزانہ سے بریفنگ لی ہے، اس کے علاوہ 2 گھنٹے کے دوران معاشی امور پر بریفنگ لی ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے بہت سے منصوبے ہیں، میڈیا کو ترجیحات سے آگاہ کروں گا۔
پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے صوبائی حکومتوں کو خط لکھ کر کہا ہے کہ سرکاری اور نجی اسپتالوں کے ڈاکٹر برانڈڈ ادویات کا نام لکھنے کی بجائے دوا کا فارمولہ تجویز کیا کریں۔ پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے یہ خط وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ کی ہدایت پر لکھا ہے۔ڈائریکٹر فارمیسی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ڈاکٹر عبدالرشید کی جانب سے لکھے گئے خط میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے سیکریٹری صحت اورچیف کمشنر اسلام آبادسے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کسی برانڈڈ ادویہ کا نام تجویز کرنے کے بجائے عام فارمولہ تجویز کریں۔
مکران سے منسلک پاک ایران سرحدکی بندش کے باعث لوگوں کا ذریعہ معاش تباہ ہوکر رہ گیا ہے مکران سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی آبادی کا معاشی پہیہ اسی سرحد کے ساتھ جڑا ہوا ہے جب سے اس کی بندش کا معاملہ سامنے آیا ہے سیاسی ، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید احتجاج اور ردعمل سامنے آرہاہے کہ جلد ازجلد سرحد کوکھول دیاجائے تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد جو بیروزگاری کے باعث نان شبینہ کا محتاج ہوکر رہ گئی ہے وہ ان گھمبیر مسائل سے نکل سکیں۔
ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کیلا، ٹماٹر، آلو، آٹا، گوشت اور گھی مہنگا ہو گیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار جائزہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کیلا 16 روپے 22 پیسے فی درجن مہنگا ہوا ہے۔ اسی طرح ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 7 روپے 16 پیسے، آلو 3روپے 17 پیسے فی کلو مہنگا ہواہے جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 26 روپے 9 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بیف 4 روپے 62 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کے کردار کی تصدیق کر دی۔واشنگٹن میں یو اے ای کے سفیر یوسف العتیبہ کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازع پر کشیدگی کم کروانے اور سیز فائر کروانے میں اہم کردار ادا کیا، توقع ہے ان کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلقات بحال ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت شاید اچھے دوست تو نہ بن سکیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات اس نہج پر پہنچ جائیں کہ دونوں آپس میں بات چیت تو کریں۔