یکم فروری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔اطلاعات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیج دی جس میں پیٹرول 12 روپے اور ڈیزل 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اوگرا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کی سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پر تیار کی، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر لیوی 21 روپے 56 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل پر 23 روپے 9 پیسے ہے۔ حکومت لیوی میں اضافہ نہ کرکے مجوزہ اضافے کو بہت کم سطح پر بھی لاسکتی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق عالمی فہرست پر مبنی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پچھلے سال پاکستان میں کرپشن چار درجے اور بڑھ گئی، 2019 کا پاکستان کرپشن انڈیکس 120 تھا، 2020 میں 124 ہوگیا۔چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کرپشن قومی احتساب بیورو (نیب) کے ان دعوؤں کے باوجود بڑھی کہ دو برسوں میں نیب نے کرپشن کے 365 ارب روپے برآمد کیے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن گزشتہ برس کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران معاشی اعشاریوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ہوئی اور مالیاتی خسارہ بڑھ گیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت بیرونی سرمایہ کاری میں 29.8 فیصد کمی آئی۔رپورٹ کے مطابق بیرونی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 35 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 95 کروڑ ڈالر رہ گیا، مالیاتی خسارہ 21 فیصد اضافہ کے ساتھ 822 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کا جب آغاز ہوا تو اس سے یہ تاثر ملاکہ اپوزیشن جماعتیں مستقل مزاجی کے ساتھ بغیر کسی ابہام کے اپنے ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھیں گی، سب سے پہلے پی ڈی ایم میں شامل تمام اپوزیشن جماعتوں نے ملک بھر میں جلسوں کا انعقاد کیا اور اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیاجائے گا اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت کو گھر نہ بھیجا جائے ۔اوراب لانگ مارچ کے ساتھ عدم اعتماد کی تحریک پر بھی بات ہورہی ہے ۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں 66 روزبعد کورونا سے کم ترین اموات ہوئی ہیں۔ ملک میں مزید23افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جاںبحق ہونے والوں کی کل تعداد 11 ہزار318ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک کورونا کے ایک ہزار 629 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 34 ہزار41تک پہنچ گئی ہے۔ملک میں کورونا سے 4 لاکھ 88ہزار903افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور زیر علاج مریضوں کی تعداد 34 ہزار 628 ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اعلان کیا ہے کہ براڈ شیٹ پر انکوائری کمیٹی کے سربراہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے یہ اعلان سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کیا ۔وفاقی کابینہ نے منگل کے دن براڈ شیٹ پر ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔ اعلان کردہ کمیٹی 45 روز میں تحقیقات مکمل کرے گی۔
بھارت کی خطے میں بدامنی پھیلانے کی ایک اور کوشش بے نقاب ہوگئی ہے۔ افغان امن عمل کو سبوتاژکرنے کے مشن میں بھارت کے گریٹ ڈبل گیم کا انکشاف ہوا ہے۔کنگزکالج لندن کے استاد اوی ناش پلوال کی کتاب نے بھارت کے گریٹ گیم کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔مذکورہ کتاب کے نتیجے میں افغان امن عمل کوسبوتاژکرنے کیلئے ہندوستان اور داعش کا گٹھ جوڑسامنے آگیا ہے۔کابل میں گوردوارے پرحملے کاماسڑمائنڈبھی ہندوستانی شہری نکلا۔ اوی ناش پلوال نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا کہ بھارت پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں عدم استحکام پیداکرناچاہتا ہے۔
جو بائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا اور وہ امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے۔حلف اٹھانے کے بعد قوم سے پہلے خطاب میں امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کا دن ہے، یہ جمہوریت کا دن ہے، ہم ایک امیدوار نہیں بلکہ ایک مقصد کی کامیابی منا رہے ہیں، میں امریکی آئین کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ا مریکی قوم عظیم ہے، ہمیں بہت کچھ درست کرنا ہے، بہت سے زخموں پر مرہم رکھنا ہے، نسلی امتیاز کے خاتمے کا خواب اب مزید ٹالا نہیں جا سکتا، میری روح قومی اتحاد اور نسلی اتحاد کے مقصد سے جڑی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کابینہ نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل پالیسی 2020-21کی منظوری دی۔ ڈیجیٹل پالیسی کے تحت ای گورننس، ڈیجیٹل سروسز تک عوام کی رسائی، سستے، معیاری اور ہائی سپیڈ انٹر نیٹ سہولت کی فراہمی کے علاوہ ڈیجیٹل صلاحیت کے ذریعے صوبے میں آئی سی ٹی کمپنیوں کو فروغ دینے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں ملزم نامزد کر دیا گیا۔نیب نے سلیم مانڈوی والا کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پر سرکاری پلاٹس غنی مجید کو بیچنے میں اعجاز ہارون کی سہولت کاری کا الزام ہے جبکہ سلیم مانڈوی والا کے ساتھ ندیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، غنی مجید اور مبینہ بے نامی طارق محمود کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق اعجاز ہارون کو الاٹمنٹس کے بدلے بھاری رقوم جعلی اکاؤنٹس سے ملیں اور اعجاز ہارون نے کڈنی ہلز فلک نما میں پلاٹس کی بیک ڈیٹ فائلیں تیار کیں۔