عوام کا مسئلہ

Posted by & filed under کالم / بلاگ.

  ایک عام پاکستانی کا مسئلہ نا تو عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہے اور نہ ہی پی ڈی ایم کا حکومت میں آنا نہ کسی عام پاکستانی کو حمزہ شہباز کی حکومت جانے کا دکھ ہے اور نہ ہی پرویز الٰہی کی مشروط حکومت کی خوشی ہے۔ کسی عام پاکستانی کو اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ سندھ میں ابھی بھی بھٹو زندہ ہے اور ایم کیوایم مختلف ناموں کے ساتھ کراچی میں سیاست کر رہی ہے ۔ایک عام پاکستانی کو اس بات سے بھی فرق نہیں پڑتا کہ بلوچستان میں کب کون کس پارٹی میں شامل ہوتا ہے اور کونسا نیا چہرہ وزیراعلیٰ کی مسند پر بیٹھتا ہے اسی طرح ایک عام پاکستانی کو نہ امپورٹڈ ترجمان شہباز گل کی گرفتاری سے غرض ہے اور نہ عمران خان پر درج ہونے والے مقدمات سے ایک عام پاکستانی عدلیہ کے فیصلوں میں بھی دلچسپی نہیں رکھتا کہ کس کو ضمانت ملتی ہے اور کون جیل جاتا ہے۔ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کیسے ہیں اور ٹی ٹی پی سوات میں کیوں واپس آئی ہے اس سے بھی ایک عام پاکستانی لاعلم ہے عوام کی اکثریت جو خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے اسے فکر لاحق ہے تو صرف بڑھتی ہوئی بے روزگاری غربت مہنگائی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی ۔سونے پہ سہاگہ یہ کہ ملک میں ہر طرف سیلاب پھیلا ہوا ہے جس نے کے پی کے ،سندھ ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب کو بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے گیارا سو سے زیادہ انسانی جانوں، آٹھ لاکھ سے زیادہ مویشیوں، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کا نقصان ہو چکا ہے ۔