پشاور: پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہی آپریشن ضرب عضب کی کامیابی ہے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کورہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں خیبر پختونخوا اور فاٹا میں سیکیورٹی صورتحال اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی گئی۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہی آپریشن ضرب عضب کی کامیابی ہے، آپریشن کے نتیجے میں بارڈر منیجمنٹ بہتر ہوگی، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی رواں ماہ ان کے گھروں کی باوقار انداز میں واپسی شروع کردی جائے گی اس سلسلے میں تمام اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے۔