|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2015

جنوبی افریقا کے خلاف شاہینوں نے میدان کیا مارا کہ اسٹیڈیم میں موجود پرجوش تماشائی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور انہوں نے پاکستان زندہ باد کے ساتھ ساتھ گو نواز گو کے نعرے بھی لگانا شروع کردیئے جس سے کچھ دیر کے لیے اسٹیڈیم میں ماحول سیاسی ہوگیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ جب اپنے عروج پر پہنچا اور پاکستان کی فتح کی جانب پیش قدمی تیزی سے جاری تھی تو تماشائیوں کا جوش و خروش بڑھتا جا رہا تھا، سبز لباس زیب تن کیے مرد وخواتین اور بچے کبھی رقص کرتے تو کبھی اپنی پوری طاقت سے نعرے لگا کر نہ صرف پاکستانی ٹیم کا حوصلہ بلند کر رہے تھے بلکہ اپنے جذبات کے سمندر کو نعروں کے ذریعے باہر نکال رہے تھے لیکن اسی دوران ایک منچلے نے نعروں کی روانی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ’’پاکستان زندہ باد ‘‘ کے بجائے سیاسی نعرہ ’’ گو نواز گو ‘‘بھی لگادیا جسے سن کر نہ صرف تماشائی حیران ہوئے بلکہ کچھ دیر کے لیے تو ماحول بھی سیاسی بن گیا جس کے بعد کچھ دیر کے لیے گو نواز گو کا نعرہ گونجنے لگا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف کی حکومت کے خلاف ’’گو نواز گو‘‘ کا نعرہ لگایا تھا جس کا سامنا حکومتی وزرا سمیت وزیراعظم کو بھی کئی جگہ کرنا پڑا تھا۔