|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2015

 کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے لوگ مجھ پر عدم اعتماد کرتے تھے اور مجھ سے سوتیلے بھائی جیسا سلوک کیا جاتا تھا جس پر متحدہ سے دوریاں بڑھیں۔ نبیل گبول نے کہا کہ مجھے عمیر صدیقی سے متعلق کوئی علم نہیں، میں ایم کیوایم میں صرف ایک مہمان اداکار تھا  تاہم الطاف حسین کو سوچنا چاہئے کہ وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے جرائم پیشہ افراد کو نائن زیرو پر جگہ دی، الطاف حسین کو اس سے متعلق تفتیش کرنا ہوگی کیونکہ بہت سے لوگ ان کے دورے ہونے کا بہت فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے لوگ مجھ پر عدم اعتماد کرتے تھے، رابطہ کمیٹی مجھ سے سوتیلے بھائی جیسا سلوک کرتی تھی جس پر متحدہ سے دوریاں بڑھیں۔ نبیل گبول کا کہنا تھا کہ نائن زیرو پر چھاپے سے متعلق کوئی علم نہیں تھا اور پارٹی کو اس وجہ سے بھی نہیں چھوڑا کیونکہ میں ان میں سے نہیں جو برا وقت آنے پر پارٹی چھوڑ دیں، ایم کیوایم سے  علیحدگی کا فیصلہ تین ماہ قبل ہی کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی میں کچھ لوگ الطاف حسین سے مخلص نہیں اور انہیں حقیقت نہیں بتاتے جس کا الطاف حسین نے خود میٹنگ میں شکوہ کیا تھا جب کہ میں نے کئی بار الطاف حسین کو بہت کچھ بتانا چاہا جس پر رابطہ کمیٹی کے کچھ لوگ ناراض ہوئے۔