|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2015

کوئٹہ :گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے آج بروز سموار گورنر ہاؤس کوئٹہ میں زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر صوبے کی سات شخصیات میں قومی اعزازات تقسیم کیے۔ آئی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر احمد فاروق بازئی کو شعبہ تعلیم میں ستارہ امتیاز ، محمد بشیر اور تاج محمد تاجل کو شعبہ موسیقی ، کنیز فاطمہ کو شعبہ فن بلوچی کڑھائی، آغا میر نصیر خان احمدزئی (مرحوم) کو شعبہ علم و ادب میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی جبکہ پروفیسر طاہرہ احساس جتک کو شعبہ علم و ادب اور صدیق بلوچ کو شعبہ صحافت میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ، سینیٹرز صوبائی وزراء ، مشیر اراکین صوبائی اسمبلی ، نیوی کموڈور اکبر نقی ، آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس ، بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔